ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ ایران کے سخت گیر مؤقف سابق صدر محمود احمدی نژاد نے ملک کے آئندہ انتخابات میں صدارتی امیدوار بننے کے لیے اندراج کرایا ہے۔ یہ انتخابات ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت کے بعد منعقد ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
علما و فقہا کے زیرِ قیادت ملک کی شوریٰ نگہبان (گارڈین کونسل) امیدواروں کی جانچ پڑتال کرے گی جس کے بعد 11 جون کو اہل امیدواروں کی فہرست شائع ہوگی۔ ایران کے پہلے نائب صدر محمد مخبر کو ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد قائم مقام صدر مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے 28 جون 2024 کو قبل از وقت صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ملک میں 14ویں صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان عدلیہ، ایگزیکٹو اور اسپیکر پارلیمنٹ کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا تھا۔ صدارتی امیداروں کی رجسٹریشن 30 مئی سے 3 جون تک ہوگی، جبکہ صدارتی انتخابات کی مہم 12 سے27 جون تک چلائی جائے گی۔
یاد رہے کہ سابق ایرانی صدر محمود احمدی ںژاد 28 اکتوبر 1956 کو گامسر نامی گاؤں میں ایک لوہار کے گھر پیدا ہوئے تھے۔ سخت گیر مؤقف رکھنے والے احمدی نژاد 2005 اور 2013 کے درمیان 2 بار ایران کے صدر رہ چکے ہیں۔