مکیش امبانی پیچھے رہ گئے، ایشیا کا امیر ترین شخص اب کون؟

پیر 3 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ارب پتی گوتم اڈانی نے ایک بار پھر ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑ کر بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس میں ایشیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ اڈانی گروپ کے چیئرمین فی الحال 111 بلین ڈالر (308 کھرب روپے) کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کے امیرترین افراد کے انڈیکس میں 11 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق ایشیا کے امیر ترین افراد میں بھارت کے گوتم اڈانی سرفہرست ہیں، انہوں نے 109 بلین ڈالر کے مالک مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا، ان کے اثاثوں کی کل مالیت 111 بلین ڈالر ہے۔ وہ اس سے قبل بھی ایک بار مکیشن امبانی سے یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

 بلومبرگ کے مطابق گوتم اڈانی کی دولت میں اضافے کی وجہ اڈانی گروپ کے اسٹاک میں اضافہ ہے۔ گزشتہ ہفتے کے آخر میں اڈانی گروپ کی تمام کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا۔ مارکیٹ کے مثبت جواب کے بعد اڈانی گروپ کے حصص میں اس قدر اضافہ ہوا کہ مجموعی دولت کے اعتبار سے ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔

اڈانی گروپ کے اسٹاکس میں بڑا اضافہ اڈانی کے امبانی کو اوورٹیک کرنے کی اصل وجہ ہے۔ جیفریس کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے دن اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔

قبل ازیں اس ہفتہ گوتم اڈانی نے اڈانی گروپ کے مستقبل کے بارے میں امید ظاہر کی تھی اور بتایا تھا کہ امریکا کے شارٹ سیلر ہیڈن برگ کے دوہرے حملہ سے سنبھل جانے کے باعث کمپنی کے اچھے دن آنے والے ہیں۔

واضح رہے اس وقت برنارڈ ارنالٹ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جن کی مجموعی مالیت 207 بلین ڈالر ہے۔ ان کے بعد ایلون مسک ہیں جن کی کل دولت 203 بلین ڈالر ہے اور جیف بیزوس 199 بلین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp