کیا پی ٹی آئی پاک-بھارت میچ میں احتجاج کرے گی؟ گوہر خان نے وی نیوز سے گفتگو میں کیا کہا؟

پیر 3 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک محب وطن جماعت ہے، اور محب وطن رہے گی، نیویارک ہو یا کوئی بھی ملک ہو کبھی بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک کی بدنامی ہو، یہ بہت ہی مضحکہ خیز ہوگا کہ ملک کے خلاف احتجاج کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے وی نیوز کے سوال کے جواب میں کہا کہ چاہے بھارت کے خلاف میچ ہو یا کہیں بھی کوئی بھی ایونٹ ہو، تحریک انصاف یہ تصور ہی نہیں کرسکتی کہ پاکستان کے خلاف نعرے لگائے۔ اپنے ملک، پارٹی اور ٹیم کو ہمیشہ سپورٹ کرتے رہیں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا امید کرتے ہیں کہ ہمیں مخصوص نشستیں ملیں گی، سپریم کورٹ آئین کی روح کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی، جو بھی فیصلہ آئے گا اس کے بعد دیکھیں گے کہ کیا حکمت عملی اپنانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، وہ ایک وکیل ہیں ان سے مختلق امور پر مشاورت کرتے رہتے ہیں، رہی بات پی ٹی آئی میں ان کی شمولیت کی تو اس کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے اور وہی فیصلہ کریں گے کہ کس کو پارٹی میں رکھنا ہے اور کس کو نکالنا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کور کمیٹی نے جو فیصلہ کیا ہے وہ اپنی جگہ قائم ہے، کہ قاضی فائز عیسیٰ کو پی ٹی آئی سے متعلق کیسز میں علیحدہ ہوجانا چاہیے، لیکن ابھی فی الحال معاملہ چل رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp