وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈکی رجسٹریشن 4 جون سے شروع ہوگی

پیر 3 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن منگل 4 جون سے شروع ہوگی جس کے تحت پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پربینک آف پنجاب اور محکمہ زراعت پنجاب کے باہمی اشتراک سے فی کسان ڈیڑھ لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

اے پی پی کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ کسانوں و کاشتکاروں کو 300 ارب روپے کے بلاسود پیداواری قرضے فراہم کیے جائیں گے جس سے انہیں کھاد اوربیج وغیرہ کی خریداری میں آسانی ہوگی۔

چوہدری خالد محمود نے کہا کہ کسان اور کاشتکار وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے حصول کے لیے رجسٹریشن کی غرض سے بذریعہ موبائل فون ایس ایم ایس پی کے سی شناختی کارڈ نمبرلکھ کر8070 پر بھیجیں گے۔

کتنی ایکڑ اراضی کے مالکان اسکیم کے اہل ہیں؟

انہوں نے بتایا کہ ایک سے ساڑھے 12 ایکڑ اراضی تک کے مالکان اسکیم کے لیے اہل ہیں اوریہ بھی ضروری ہے کہ متعلقہ کا شتکار کی زمین اراضی ریکارڈ سینٹر میں رجسٹرڈ ہوجبکہ کا شتکار کے اپنے شناختی کارڈ نمبر پرموبائل فون سم رجسٹرڈ ہو اور کاشتکارکاشناختی کارڈ ریکارڈ سینٹر میں ویلڈ ہو۔

چوہدری خالد محمود نے کہا کہ کا شتکارکسی مالیاتی ادارے کا نادہندہ نہ ہوجبکہ کاشتکار بلا سود قرضہ 6 ماہ کے دورانیے میں واپس کرنے کا پابند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مزید معلومات محکمہ زراعت توسیع کے قریبی دفتر یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.dai.agripunjab.gov.pk سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp