پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انٹرکلب ٹورنامنٹ میں اسلام آباد ریجن کے مزید 4 میچز کا فیصلہ ہوگیا۔
اسلام آباد کے الیون اسٹار کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں ’جنون کرکٹ کلب‘ نے ’پنجاب کرکٹ کلب‘ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پنجاب کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں 186 رنز کا ہدف دیا۔ جنون کلب کے بولر ارسلان قیصر 3 وکٹیں جبکہ عمر حمید 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولرز رہے۔
مزید پڑھیں
جواب میں جنون کرکٹ کلب نے ایک وکٹ کے نقصان پر 17ویں اوور میں مقررہ ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ جنون کرکٹ کلب کے اسامہ خان نے 49 گیندوں پر 106رنز کی دھواں دار انگز کھیلی جبکہ مزمل عنایت نے 49 گیندوں پر 81 رنز بنائے۔
اسلام آباد کے ینگ کیپیٹل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ’جے جیز کرکٹ کلب‘ نے ’دی کرکٹرز کرکٹ کلب‘ کو 147 رنز سے ہرا دیا۔
جے جیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز کا ہدف دیا۔ جے جیز کے جواد انجم نے 89 گیندوں پر 115 رنز بنائے جبکہ سید سہیل شاہ نے 58 رنز اسکور کیے۔
جے جیز ٹیم کے 280 رنز کے تعاقب میں کرکٹرز کلب کی ٹیم 133 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ عبدالواسع نے 3 وکٹیں جبکہ عمر شہزاد، انس خالد اور جونیئر عمر شہزاد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ینگ کیپیٹل کرکٹ گراؤنڈ میں ہی کھیلے گئے تیسرے میچ میں ’آل لکی اسٹار‘ نے ’جذبہ کرکٹ کلب‘ کو 85 رنز سے شکست دے دی۔ آل لکی اسٹار کے آصف محمود 93 گیندوں پر 120 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
الیون اسٹار کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں ’اسلام آباد لائنز‘ نے ’جوز کرکٹ کلب‘ کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔ اظفر مرزا نے 5 اوورز میں 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انٹرکلب چیمپیئن شپ کے میچز ملک بھر میں کھیلے جارہے ہیں جس کا مقصد گراس روٹ کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے ویژن کے تحت ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی ملک بھر میں انٹرکلب ٹورنامنٹ کا انعقاد کروا رہے ہیں۔