محسن نقوی کی پوپ فرانسس سے ملاقات، پاکستان آنے کی دعوت

منگل 4 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویٹی کن سٹی میں پوپ فرانسس سے ملاقات کی، ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور پوپ فرانسس کو پاکستان آنے کی دعوت دی، جس پر پوپ نے پاکستان آنے کی پوری کوشش کے عزم کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویٹی کن سٹی کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر محسن نقوی نے پوپ فرانسس سے ملاقات کی، پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعد گرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا۔

پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کے لیے میرا پیغام امن کا ہے، ہم سب کو مل کر امن کے لیے کام کرنا چاہیے، وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے، دورے کی پوری کوشش کروں گا۔

انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئےکہا کہ بہت اس معاملے پر بہت تشویش ہے، ہر روز فلسطین میں فلاحی کاموں میں مصروف ورکرز سے بات کرتا ہوں اور آگاہی لیتا ہوں۔

’بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں‘۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے فلسطین ایشو پر مؤثر موقف اپنانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے آپ کی خدمات قابل تحسین ہیں، اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے آپ کے جرات مندانہ موقف کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp