مظفرآباد: شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت مسترد

منگل 4 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مظفر آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی اور بحث مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

شاعر احمد فرہاد پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا آئی ڈی سے اشتعال انگیزاور اداروں کے خلاف نفرت انگیز پوسٹیں شیئر کیں۔

یاد رہے کہ عدالت نے 3 روز قبل سلو پوائزن کے شک پر احمد فرہاد کے طبی معائنے کا حکم بھی دیا تھا۔اس سے قبل وفاقی حکومت نے 29 مئی کو 15 روز بعد اسلام آباد سے لاپتا شاعر اور صحافی احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کی تھی۔

ضمانت مسترد ہوجانے کے فیصلے کو چیلنج کریں گے، اہلیہ احمد فرہاد

شاعر احمد فرہاد کی اہلیہ نے عدالت کے باہر میڈیا سےگفتگو میں کہا ہے کہ نچلی عدالت سے ضمانت مسترد ہو جانے کے بعد ہم اس فیصلے کو چیلنج کریں گے اور قانون کا سہارا ہی لیں گے، ہمیں صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ ضمانت مسترد کی گئی تفصیلات ہمیں نہیں بتائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احمد فرہاد مریض ہیں اور سٹریس میں ہیں انہیں اسپیشل کیئر کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ ان کا مرض بڑھ سکتا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ احمد فرہاد پیش ہوں گے تو ہماری پٹیشن کا فیصلہ ہوگا۔ ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی پر کورٹ ہی کوئی کمیونیکیٹ کرے گی ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp