وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمیشہ ساتھ نبھاتا ہے، جیسے ایک بھائی دوسرے بھائی کا ساتھ دیتا ہے۔ چین کی پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی ہے، ہم ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں اور ہم ایک خانادن کی طرح گفتگو کرتے ہیں۔ چین پاکستان کا ایک ایسا دوست ہے جس کی کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی۔
دورہ چین سے قبل جاری پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج ہم اپنے دیرینہ دوست کے دورے پر جارہے ہیں، خلیجی برادر ممالک بھی ہمارے پر اعتماد دوست ہیں لیکن چین کے ساتھ ہمارا ہمسائے کا تعلق ہے جو 75 سال پر محیط ہے۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا چاہے طوفان ہو یا جنگ، چین نے پاکستان کا ہمیشہ ساتھ دیا۔
مزید پڑھیں
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پچھلے دور میں چین اور پاکستان کی دوستی دوسرے مرحلے میں شامل ہوئی اور سی پیک کے ذریعے پاکستان میں نواز شریف نے بطور وزیر اعظم تقریباً 39 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اہتمام کیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں بے پناہ خوشحالی آئی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا سنگین مسئلہ بجلی کا ہے، جس کی وجہ سے اندھیرے چھائے ہوئے تھے، صنعتیں دم توڑ چکی تھیں، چین کے تعاون کے ساتھ نواز شریف کے دور کے دوران بجلی کے اندھیرے ختم ہوگئے۔ اس سے پاکستان کے مخالفین کے پیٹ میں بہت بل پڑے لیکن ہمیں اس سے گھبرانا نہیں چاہیے۔
خیال رہے وزیراعظم شہبازشریف چین کے 5روزہ سرکاری دورہ پر روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات کریں گے۔
شہباز شریف چینی وزیراعظم لی کیانگ کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیرِاعظم بزنس ٹو بزنس فورم میں شرکت کریں گے اورگفتگو بھی کریں گے۔ 79 پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے چینی کمپنیوں سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے رواں سال وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔ چین اس دورے کے ذریعے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پر عزم ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان سدا بہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری میں مزید پیش رفت ہو اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ قریبی چین پاکستان تعلقات کے لیے نئے اقدامات کیے جا سکیں۔