وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف 5 روزہ دورہ چین کے پہلے مرحلے میں شینزن پہنچ گئے۔
وزیراعظم کا شینزن ہوائی اڈے پر اعلیٰ چینی حکام، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیدونگ، پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی اور اعلیٰ سفارتی اہلکاروں نے پرتپاک استقبال کیا۔
وزیرِاعظم سے آج چین کی کمیونسٹ پارٹی کے شینزن کے لیے سیکریٹری مینگ فینلی ملاقات کریں گے جس میں چین پاکستان تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوگی۔
مزید پڑھیں
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف کل پاک چائنا بزنس فورم میں شرکت کریں گے، سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و شراکت داری کے لیے فورم ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیرِاعظم معروف چینی ہائی ٹیک کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔
پاکستانی وفد میں معروف پاکستانی کاروباری شخصیات سمیت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان اور وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ بھی وفد میں شامل ہیں۔