بھارت نے مودی کے خلاف فیصلہ سنایا، خفیہ ایجنسیاں، بیوروکریسی اور عدلیہ ہمارے خلاف تھی، راہول گاندھی

منگل 4 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی اتحاد کو 300 نشستوں پر برتری ہے جبکہ کانگریس 233 نشستوں پر آگے ہے، مودی کا دوتہائی اکثریت حاصل کرنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

آج کانگریس رہنما راہول گاندھی نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے صرف بی جے پی کے خلاف نہیں ریاستی مشینری کے خلاف الیکشن لڑا، خفیہ ایجنسیاں، بیوروکریسی اور آدھی عدلیہ ہمارے خلاف تھی۔

انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے پارٹیاں توڑیں اور وزرائے اعلیٰ کو جیلوں میں ڈالا لیکن بھارت کے عوام نے متفقہ فیصلہ سنا دیا ہے کہ ہمیں مودی جی نہیں چاہییں۔

راہول گاندھی نے کہاکہ کانگریس رہنماؤں نے متحد ہو کر انتخاب لڑا اور ہماری لڑائی آئین کو بچانے کی تھی۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپنے ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کسی بھی جماعت سے اتحاد کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے عوام کے ساتھ جو وعدے کیے تھے وہ پورے کریں گے، آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے فیصلہ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں راہول گاندھی نے کہاکہ کون سی سیٹ رکھنی اور کون سی چھوڑنی ہے اس حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp