بند ڈبوں میں ملنے والی خوارک پر لگے لیبل سے خاطر خواہ غذائی معلومات مل جاتی ہیں۔ لیبل پڑھ اورسمجھ کرصحت بخش غذا کا انتخاب کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت بخش خوارک میں چکنائی، کولیسٹرول اورسوڈیم کم سے کم ہوتی ہے اور ریشے، وٹامن اے، وٹامن سی، آئرن اور کیلشیم کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے لیبل پر لکھی گئی اصطلاحات کی وضاحت دنیا بھر میں مستند سمجھی جاتی ہیں۔
ادارے کے مطابق چکنائی سے پاک (فیٹ فری ) خوارک میں 0.5 ملی گرام چکنائی اورکولیسڑول سے پاک خوارک میں دو ملی گرام کولیسڑول سے زیادہ مقدار نہیں ہونی چاہیے۔
ایف ڈی اے کی ہدایت کے مطابق بڑی کمپنیاں لو (کم) سوڈیم والی خوارک میں زیادہ سے زیادہ 140 ملی گرام سوڈیم شامل کر سکتی ہیں۔ جب کہ کم کولیسٹرول والی خوراک میں 20 ملی گرام اور کم چکنائی میں 3000 ملی گرام چکنائی کی مقداراستعمال کی جاتی ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی غذا کا انتخاب کرنے سے قبل غذائی معلومات کے حوالے سے اطمینان حاصل کرنا ضروری ہے۔ ڈبوں کے لیبل پر تحریر سرونگ سائز، کلیوری اور پرسنٹ ڈیلی ویلیو کسی بھی خوارک کے بارے میں اہم معلومات دے سکتی ہیں۔
غذائی معلومات پڑھنے کا طریقہ کار:
سرونگ سائز: (عام طور پر لی جانے والی مقدار) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک وقت میں کتنی مقدار کھانا بہتر ہے۔
سرونگ پر کنٹینر: (ڈبے میں موجود شے کی مقدار) اگر سرونگ سائز چار ہے اور سرونگ پر کنٹینر آٹھ ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ایک آدمی اسے دو وقت استعمال کر سکتا ہے۔
کیلوریز: (توانائی کی مقدار) کھانے میں کیلوریز سے مراد جسم کو حاصل ہونے والی توانائی کی مقدار ہے۔
فیٹ: ( چکنائی) یہ چکنائی سے حاصل ہونے والی کیلوریز کی مقدار بتاتا ہے جسے عام طور پر 30 فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔
کولیسٹرول: عام طور پر ایک آدمی کو روزانہ 300 ملی گرام سے کم کولیسٹرول استعمال کرنی چاہیے۔
ٹوٹل کاربوہائیڈریٹ: ذیابطیس کے مریضوں کے لئیے کم سے کم کاربوہائیڈریٹ موافق ہے۔
پروٹین: ایک نوجوان آدمی کو روزانہ 50 گرام پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے۔
دیگر اجزاء میں عام طور پر وٹامن، نمکیات اور آئرن شامل ہوتے ہیں۔ بچوں اور مریضوں کی غذائی ضرورت ایک عام انسان کے مقابلے میں کافی مختلف ہوتی ہے۔ اس لئیے مریضوں خاص طور پربچوں کے والدین کو لیبل پڑھتے ہوئے غذائی معلومات کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
کچھ عرصہ قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بھی عام آدمی کے لیے اشیاء خوردونوش کی پیکنگ پر درج لیبل پڑھنے کے رہنما اصول جاری کئیے تھے۔
ڈی جی فوڈ پنجاب نورالامین مینگل کی ہدایت کے مطابق لیبل پڑھنے کے رجحان میں اضافہ کرنے کے لئے عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔