وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان میں رہنے والے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔
پاک چین بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں ماضی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا، پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کو اچھے طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کریں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ پاکستان کرپشن اور اسمگلنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہا ہے، قائداعظم کے ویژن پر عمل پیرا ہوکر ملک کو ترقی دلائیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ چین کی ترقی ہم سب کے لیے قابل تقلید مثال ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ترقی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہاکہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن چکا ہے اور اس وقت دنیا بھر کو ڈیری اور زرعی مصنوعات برآمد کررہا ہے۔
شہباز شریف نے زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی کمپنیوں کے سربراہان بھی چینی ماڈل اپنائیں کیونکہ چین نے ترقی کے لیے فرسودہ ماڈل کو ترک کرکے جدید طریقے اپنائے۔
انہوں نے کہاکہ ہم ملکی ترقی کے لیے پنجاب اسپیڈ کو پاکستان اسپیڈ میں تبدیل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں دہشتگرد حملے کے دوران چینی شہریوں کی ہلاکت ایک دردناک لمحہ تھا، اب تہیہ کرلیا ہے کہ چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔