بی جے پی کا ’اب کی بار 400 پار‘ والا خواب چکناچور ہونے پر رہنما نے ٹی وی کا بھی وہی حشر کیا

بدھ 5 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے انتخابات 2024 میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے کا دعویٰ ’اب کی بار 400 پار‘ غلط ثابت ہونے پر ہندو انتہا پسند سیاسی رہنما شدید غم و غصے کا شکار ہوگئے۔

انتخابی نتائج ٹی وی پر نشر ہونے کے موقعے پر جب ایک انتہا پسند رہنما نے جب دیکھا کہ بی جے پی ملک میں اپنی اکثریت کھوچکی ہے تو انہوں نے ٹی وی سیٹ ہی توڑ دیا۔ اس حوالے سے ان کی 2 ویڈیوز بھی انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہوئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راشٹریہ ہندو پریشد کے صدر گووند پراشر نے بی جے پی کے ناموافق نتائج پر اپنے دفتر کے ایک ٹیلی ویژن کو توڑ کر اور پھر اسے آگ لگا کر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔

گووند پراشر اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے خاصے مشہور ہیں۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے نتائج پر اپنی عدم اطمینان کا اظہار ٹی وی توڑ کر کیا۔

پراشر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک بار پھر ان لوگوں کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے جو کہتے تھے کہ ‘بھارت تیرے ٹکڑے ہوں گے، انشاء اللہ۔

وائرل ویڈیوز میں سے ایک میں پراشر کو دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ دیوار پر لگے ایک ٹی وی کو نکالتے ہیں اور اسے بار بار زمین پر توڑتے ہیں جب کہ 2 افراد انہیں اس کار لاحاصل سے روکنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ دریں اثنا ویڈٰیو میں ان کے ایک بچے کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’انہوں نے ٹی وی توڑ دیا‘۔

پھر پراشر اس ٹی وی سیٹ پر لاتوں کی بھرمار کرکے اس کا مزید بھرکس نکالتے ہیں۔ جب کہ ایک اور ویڈیو میں وہی ٹی وی باہر سڑک پر اسے آگ لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دریں اثنا الجزیرہ نے بھی اپنی رپورٹ میں پراشر والا واقعہ بیان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک مسلمان ووٹر نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا مجموعی نتیجہ راحت و سکون کا سبب ہے۔ تاہم بی جے پی کے بہت سے حامی نتائج پر جشن بھی منارہے ہیں۔

یاد رہے کہ ایگزٹ پولز کے سروے میں بی جے پی کو سنہ 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں 300 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کا امکان کیا گیا تھا لیکن بے جی پی جو مرکز میں مسلسل تیسری بار حکومت بنائے گی، صرف 240 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق بے جی پی کی سربراہی میں انتخابات لڑنے والے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی کل سیٹوں کی تعداد 292 رہیں جو اس کے 400 سیٹوں کے ہدف سے کافی کم ہے۔

دوسری جانب کانگریس نے 99 سیٹیں جیتی ہیں اور انڈیا بلاک نے 234 سیٹیں جیت کر سب کو حیران کر دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp