صدر آصف زرداری سے اردنی سفیر کی ملاقات، اردن میں ہونے والی غزہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت

بدھ 5 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں اردن کے سفیر ڈاکٹر مُعن عبدالفتاح الخريسات نے ملاقات کی اور انہیں اپنے ملک میں غزہ کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو قبول کر لی گئی۔

اردنی سفیر ڈاکٹر مُعن نے صدر مملکت کو 11 جون کو اردن میں غزہ میں انسانی امداد پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جسے صدر مملکت نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی جانب سے اس کانفرنس میں شرکت کی جائے گی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اردنی سفیر سے کہا کہ پاکستان، اردن کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر مُعن عبدالفتاح الخريسات نے بتایا کہ اردن نے فلسطین میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے اخوت فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ صدر مملکت نے فلسطین میں امداد پہنچانے میں اردن کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان، اردن کی ان کاوشوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

اس موقع پر اردن کے سفیر نے شاہ اردن کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp