امریکی ریاست کولوریڈو سے تعلق رکھنے والے 91 سالہ بزرگ نے گرینڈ کینیئن پیدل عبور کرنے والے دنیا کے معمر ترین شخص کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
91 سالہ بزرگ ’جان جیپکیما‘ نے تقریباً 24 میل کا پیدل سفر کرکے گرینڈ کینیئن رم ٹو رم عبور کرنے والے معمر ترین شخص کا گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جان جیپکیما کی عمر 91 سال اور 152 دن تھی جب انہوں نے اور ان کے دوستوں کے گروپ نے اپنی پانچ دن کی بیک پیکنگ ہائیک مکمل کی۔
اس گروپ نے شمالی رم کی جانب سے سفر کا آغاز کیا تھا جو 14.3 میل چلتے ہوئے 6,000 فٹ نیچے وادی میں پہنچا، جہاں وہ برائٹ اینجل ٹریل کی طرف بڑھا اور تقریباً 9.6 میل اور 4,500 فٹ اوپر سفر کے بعد جنوبی کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔
’جیپکیما‘ اپنی اس کامیابی کے حوالے سے کہتے ہیں کہ ’جب انہیں عالمی ریکارڈ کے زمرے کے بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے ایک اور ٹریک طے کرنے کا فیصلہ کیا‘۔
بزرگ شہری ’جیپکیما‘ کے مطابق انہوں نے اپنی کوشش کے لیے چار ماہ تک روزانہ 5-8 میل پیدل چل کر تیاری کی۔
جیپکیما نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ ’میں نے ایک مکمل پیک کے ساتھ بہت سا پیدل سفر کیا‘۔ وہ کہتے ہیں کہ ’میں 30 پاؤنڈ کے پیک کے ساتھ صبح کی کافی تک تین میل پیدل چلوں گا اور پھر گھر واپس جاؤں گا‘۔