پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نیازی کا جیل میں کیا کیا سہولیات حاصل ہیں، اور وہ اڈیالہ میں کس طرح کی زندگی گزار رہے ہیں، اس حوالے سے حکومت نے سپریم کورٹ میں اضافی دستاویز جمع کروا دی ہیں۔
حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اضافی دستاویزات جمع کروائی گئی ہیں، جس میں جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی رہنما کو دستیاب سہولیات اور ان کے زیر استعمال اشیا کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا تک رسائی نہ دینے کے بیان کی تردید کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اضافی دستاویز جمع کروائی ہیں، ان دستاویز میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اہل خانہ اور لیگل ٹیم کی ملاقاتوں کی فہرست بھی شامل ہے۔
جمع کروائی گئی اضافی دستاویز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا قید تنہائی میں ہونے کا مؤقف بھی غلط ہے، اس حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں وکلا رسائی نہ دینے کا مؤقف اپنایا، عدالت مناسب سمجھے تو بانی پی ٹی آئی کے بیان اور حقیقت کو جانچنے کے لیے کمیشن بھی مقرر کر سکتی ہے۔
حکومتی اضافی دستاویز اور تصاویر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کتابیں، ایئر کولر، ٹی وی سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔ اس کے علاوہ حکومتی دستاویز میں بانی پی ٹی آئی کے زیرمطالعہ کتابوں کی فہرست اوران کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے یہ دستاویز پی ٹی آئی کے اس الزام کے بعد جمع کرائی گئی ہیں، جن کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل میں مناسب سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔