نان فائلرز کیخلاف کریک ڈاؤن؛ 85 ہزار موبائل فون سمز بلاک، 14 ہزار بحال

جمعرات 6 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے، 10 مئی سے شروع ہونیوالے اس کریک ڈاؤن میں اب تک 85 ہزار نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک اور 14 ہزار سے زائد بحال بھی کی جاچکی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو یعنی ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق نان فائلرز کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے اور ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں نام آ جانے پر 14 ہزار سے زائد شہریوں کی بلاک موبائل فون سمز بحال بھی کردی گئی ہیں۔

ایف بی آر اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان اتفاق ہونے کے بعد 10 مئی سے نان فائلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعلقہ شہریوں کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کا آغاز کیا گیا تھا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر مزید 5 ہزار نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کی تفصیلات ٹیلی کام آپریٹرز کو مہیا کر رہے ہیں، اب تک 90 ہزار نان فائلرز کا ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے جس میں سے 85 ہزار شہریوں کی موبائل فون سمز بلاک کی جا چکی ہیں۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے اور ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں نام آ جانے کے بعد مذکورہ شخص کی بلاک سم بحال کر دی جاتی ہے، اس وقت تک 14 ہزار سے زائد موبائل سمز بحال کی جا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیے جانے کے بعد ایف بی آر نے ملک بھر میں 24 لاکھ نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایف بی آر کے اس فیصلے پر ٹیلی کام آپریٹرز نے خاصا احتجاج کیا تھا، تاہم بعد میں اتفاق کیا گیا کہ یکدم 24 لاکھ مبینہ ٹیکس نادہندگان شہریوں کی موبائل فون سمز بند کرنے کے بجائے روزانہ 5 ہزار سمز بلاک کی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp