ٹی20ورلڈ کپ 2024: پاکستان کس کے ساتھ کب،کہاں اور کس وقت ٹکرائے گا؟

جمعرات 6 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آخری مرتبہ 2009 میں ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ 2024 کے گروپ اے میں بھارت، امریکا، آئرلینڈ اور کینیڈا کے ساتھ اپنے میچز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں اپنے ابتدائی میچ کے لیے جمعرات 6 جون کو امریکا کے خلاف میدان میں اترے گی، امریکا اس وقت ویسٹ انڈیز کے ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ ایونٹ کا شریک میزبان بھی ہے۔

پاکستان گروپ مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں ڈیلاس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں امریکا کے ساتھ مقابلے کے لیے اترے گا جبکہ 9 جون کو نیو یارک میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔ جس کا سب کو بے تابی سے انتظار ہے۔ گروپ اے میں پاکستان کے ساتھ دیگر 2 ٹیموں میں کینیڈا اور آئرلینڈ شامل ہیں۔

گروپ اے سے 2 ٹاپ ٹیمیں سپر 8 مرحلے میں جائیں گی، جہاں ان کے ساتھ 2 ٹیمیں مزید شامل ہوں گی جو دیگر 3 گروپوں میں سرفہرست ہوں گی۔

سپر 8 مرحلے کے لیے 8 ٹیموں کو مزید 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔

سیمی فائنل 27 جون کو بالترتیب تروبا اور پروویڈنس میں شیڈول کیے گئے ہیں۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا فائنل 29 جون کو برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

بابر اعظم جو 2022 میں گزشتہ ایڈیشن میں فائنل تک ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، 2024 میں بھی امریکا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ ٹی20 ورلڈ کپ والی ٹیم سے اپنے 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر نے 8 سال بعد ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں واپسی کی ہے۔

پاکستان نے 2009 میں انگلینڈ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے افتتاحی ایڈیشن میں بھارت کو شکست دینے کے بعد ٹائٹل جیتا تھا۔ اس کے بعد پاکستان 3 سیمی فائنل اور ایک فائنل کھیل چکا ہے تاہم دوسری مرتبہ ٹرافی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم کو 2 سال قبل میلبورن میں فائنل میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا پاکستان کا شیڈول

6 جون، جمعرات کو امریکا بمقابلہ پاکستان (گرینڈ پریری اسٹیڈیم، ڈیلاس) میں رات 8:30 بجے کھیلا جائے گا۔

 9جون، اتوار کو پاکستان بمقابلہ بھارت (ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، نیو یارک) 7:30 بجے

11 جون، منگل کو  پاکستان بمقابلہ کینیڈا (ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، نیو یارک)  شام 7:30 بجے

16 جون، اتوارکو پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ (سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ، لاؤڈرہل) شام 7:30 بجے

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان کا سکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، بابر اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، محمد رضوان، صائم ایوب، عثمان خان، عماد وسیم، شاداب خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp