قربانی کا جانور خریدنے سے پہلے موبائل فون سے اس کی عمر کیسے معلوم کی جاسکتی ہے؟

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عید قربان پر سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے قبل اہم مرحلہ قربانی کے جانور کی خریداری ہے اور یہ اتنا سنجیدہ معاملہ ہے کہ ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ کسی ایکسپرٹ کو ساتھ ضرور لے کر جائے جو بے عیب اور عمر میں پورا جانور دلوا سکے لیکن ٹیکنالوجی نے اب یہ مسئلہ بھی حل کردیا ہے کیوں کہ اب صرف آپ کے جیب میں موجود موبائل ہی آپ کو بتا دے گا کہ جانور کھیرا ہے، 2 دانت کا ہے یا اس سے بھی بڑا ہے۔

اس ایپ کے ذریعے نہ صرف جانور کی عمر کا تعین کیا جاسکتا ہے بلکہ اس کی مدد سے جانور کو چوری ہونے سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔

اینیمل پاسپورٹ

ڈاکٹر سید عمید احمد نے وی نیوز کو بتایا کہ ہم نے اینیمل پاسپورٹ کے نام  سے ایک نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جس سے ہم کسی بھی جانور کی عمر معلوم کرسکتے ہیں اکثر یہ مسئلہ درپیش آتا ہے کہ نوجوان منڈی جاتے ہیں اور غلطی سے کم عمر جانور لے آتے ہیں۔

جانور کی عمر کا تعین اس کے دانتوں کے ذریعے کیا جاتا ہے

ڈاکٹر عمید بتاتے ہیں کہ اینیمل سائنس سے معلوم ہوتا ہے کہ جانوروں کی عمر کا تعین ان کے دانتوں سے ہوتا ہے اور وہ اس سلسلے میں ایک فیچر متعارف کراچکے ہیں جو استعمال میں نہایت آسان ہے۔

استعمال کا طریقہ

ڈاکٹر عمید کہتے ہیں کہ اس فیچر کو استعمال کرنا انتہائی آسان ہے اس میں بس آپ کو جانور کے 2 دانتوں کی تصویر لینی ہوتی ہے اور الگوریتھم بتادے گا کہ اس جانور کی عمر کتنی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ بحیثیت پی ایچ ڈی اسکالر میں چاہتا ہوں کہ اپنی تعلیم اور مہارت ملک اور اس میں رہنے والوں کے لیے استعمال کروں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے جانور کو چوری ہونے سے روکنے کے لیے کام کیا اور اب لوگوں کو دھوکے سے بچانے کے لیے عمر کے تعین کا مسلئہ بھی حل کردیا ہے۔

ایپ میں غلطی کے امکانات بہت کم ہیں، ڈاکٹر سید عمید احمد

ڈاکٹر عمید کہتے ہیں کہ اس وقت ہم دنیا میں اس ٹیکنالوجی میں لیڈ کر رہے ہیں اور ابھی اس ایپ کا بیٹا ورژن ہے جو اینڈرائڈ فون کے پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہزاروں جانوروں پر اس ایپ کو استعمال کیا جا چکا ہے اور اس میں غلطی کے امکانات بہت کم ہیں پھر بھی اگر کوئی غلطی ہوئی تو ہماری سپورٹ ٹیم 24 گھنٹے مستعد رہتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp