پاکستان کو سپر اوور میں شکست دینے والا سوربھ نیتراولکر کون ہے؟

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں ناتجربہ کار میزبان ٹیم نے ہیوی ویٹ پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان 20 اوورز کا میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور مرحلے میں داخل ہوا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے سپر اوور پھینکا، امریکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 18 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی ٹیم اپنی باری میں ایک وکٹ کے نقصان پر مقررہ 6 گیندوں پر صرف 13 رنز اسکور کرسکی۔

امریکا کی طرف سے سپر اوور سوربھ نیتراولکر نے پھینکا جنہوں نے دوسری ہی گیند پر افتخار احمد کو پویلین بھیج دیا، جس کے بعد شاداب خان کریز میں اترے لیکن وہ بھی کوئی بڑا شاٹ کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اس طرح امریکا نے 5 رنز سے میچ جیت کر ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا تاریخی اَپ سیٹ کر دیا۔

سوربھ نیتراولکر نے امریکا کے لیے کرکٹ کھیلنا کیسے شروع کی؟

امریکا کی اس تاریخی فتح میں بھارتی نژاد امریکی کرکٹر اور میڈیم فاسٹ بولر سوربھ نیتراولکر نے اہم کردار ادا کیا۔ نیتراولکر 6 اکتوبر 1991 کو پیدا ہوئے۔ وہ اوریکل (Oracle) کارپوریشن میں سافٹ ویئر انجینیئر ہیں اور امریکی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔

سوربھ نیتراولکر نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز 2013 کی رانجی ٹرافی میں ٹیم ممبئی کی جانب سے کیا۔ 2014 میں انہوں نے لسٹ اے میچز بھی کھیلنا شروع کیے۔

وہ 2010 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔ تاہم انہیں انڈیا میں کھیلنے کے زیادہ موقع نہ ملا اور وہ بہتر مواقع کی تلاش میں امریکا آگئے۔ جنوری 2018 میں ان کی امریکی کرکٹ ٹیم میں سلیکشن ہوئی اور اسی سال اکتوبر میں وہ اپنی ٹیم کے کپتان بن گئے۔

امریکی ٹیم نے نیتراولکر کی قیادت میں فروری 2019 میں یو اے ای کے خلاف انٹرنیشنل ٹی20 میچز کی سیریز کھیلی اور اپریل 2019 میں ڈویژن 2 انڈر19 ورلڈ کپ میں پہلی 4 ٹیموں میں جگہ بنا کر ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا اسٹیٹس بھی حاصل کرلیا۔

سوربھ نیتراولکر نے امریکا کی جانب سے 2021 میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ امریکا کوالیفائر ٹورنامنٹ اور اگلے سال ورلڈ کپ لیگ 2 ٹورنامنٹ کے 2 راؤنڈز میں شرکت کی اور ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر کا بھی اعزاز پایا۔

2022 میں بھی انہوں نے زمبابوے میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں حصہ لیا اور سنگاپور کے خلاف میچ میں پہلی بار کسی میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

سوربھ نیتراولکر کو عالمی سطح پر شہرت 6 جون 2024 کو حاصل ہوئی جب انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک گروپ میچ میں پاکستان کے خلاف سپر اوور مرحلے میں امریکا کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp