سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے انکشاف کیا ہے کہ 1.2 ملین سے زیادہ عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، حجاج کرام فراہم کردہ سروسز سے انتہائی مطمئن ہیں، یہ سب گزشتہ سال کے حج کے اختتام سے جاری کوششوں کے بعد ہی ممکن ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی حکومت کی تیاری اور وژن 2030
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جمعرات کو ریاض میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد وزیراعظم محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی حکومت نے حج سیزن کی جلدی تیاری کرنے اور پچھلے سالوں کے چیلینجز کو حل کرنے اور مہمانوں کی خدمت کے لیے نئے اور بہتر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، جو کہ وژن 2030 کے اہداف کو پورا کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
جعلی حج مہموں کے خلاف آگاہی مہم
سعودی وزیر حج وعمرہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 20 سے زائد ممالک میں جعلی حج مہموں اور الیکٹرانک فراڈ کی سنگینی کے بارے میں آگاہی مہم شروع کی گئی تھی، نیز وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کی شراکت سے ’بغیر اجازت نامہ کے حج نہیں‘ مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔
انہوں نے عازمینِ حج سے درخواست کی کہ وہ حج کے قوانین کی پابندی کریں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
’مکہ روٹ‘ اقدام
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے چھٹے سال کے لیے جاری رہنے والی ’مکہ روٹ‘ کا بھی ذکر کیا جو عازمینِ حج کے سفر کو آسان بنانے کا اقدام ہے، انہیں اس اقدام کے تحت سعودے عرب میں آکر کسی دقت کا سامنا نہیں ہوتا، وہ ڈائریکٹ رہائش پر جاتے ہیں جہاں ان کا سامان بھی پہنچا دیا جاتا ہے۔ یہ سعودی وزارت داخلہ کا شروع کردہ پروگرام ہے جو 7 ممالک میں آپریٹ ہورہا ہے۔ اس سال 250 ہزار سے زائد عازمینِ حج کی اس اقدام کے تحت خدمت کی گئی ہے۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اس پروگرام پر آنے والی مکمل لاگت سعودی عرب خود برداشت کرتا ہے اور اس پر کوئی اضافی چارجز یا فیس وصول نہیں کرتا۔
تربیتی کورسز اور رضاکارانہ خدمات
سعودی وزیر حج وعمرہ نے مزید بتایا کہ گذشتہ مہینوں میں 120 ہزار سے زیادہ حج مشن کے کارکنوں اور حاجیوں کے گروپ لیڈروں کو 2500 تربیتی کورسز کے ذریعے متعدد زبانوں میں تربیت دی گئی ہے جو سعودی عرب اور دیگر ممالک میں منعقد کی گئی تھیں۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حج کی نظامت میں شامل تمام شعبوں کے کارکن علمی اور عملی اعتبار سے اعلیٰ تربیت یافتہ ہیں اور دن رات اپنی سروسز کی اہمیت اور دینی اور قومی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے کام کرتے ہیں، ان کی مدد کے لیے 10 ہزار سے زیادہ رضاکار مرد وخواتین ہیں، جو سب کے سب میدان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
مشاعر مقدسہ میں ٹرین کی سہولت
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں ٹرین 72 ہزار مسافروں کی گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی، جو ایک گھنٹے میں 72 ہزار مسافروں کو منتقل کر سکے گی اور مقدس مقامات کے درمیان 350 ہزار سے زائد حاجیوں کی نقل وحمل میں مدد دے گی۔