ٹی20 ورلڈ کپ، بابر اعظم اگر محمد عامر کا مشورہ مان لیتے تو کیا پاکستانی ٹیم میچ جیت جاتی؟

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو امریکا کے ہاتھوں اَپ سیٹ شکست کے بعد قومی ٹیم اور کپتان بابر اعظم مسلسل تنقید کا سامنا کررہے ہیں۔

شکست کے بعد شائقین شدید غصے میں نظر آئے، کچھ نے شکست کی ذمہ داری حارث رؤف اور محمد عامر پر ڈالی تو کچھ نے اعظم خان اور افتخار احمد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ لیکن چند شائقین ایسے بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ کپتان بابر اعظم کی خراب کپتانی کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکلا کیونکہ بروقت درست فیصلے نہ لینا ان کی حماقت تھی،  خاص طور پر اگر 15ویں اوور میں محمد عامر کی بات مان لی جاتی تو شاید کھیل کا نتیجہ مختلف ہوتا اور پاکستان میچ جیت جاتا۔

ایک صارف نے میچ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 15ویں اوور کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر چاہتے تھے کہ اگلا اوور فاسٹ بولر سے ہی کروایا جائے۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ ایرون جونس اسپن بہتر کھیلتا ہے لیکن بابر اعظم نے ان کا مشورہ ماننے سے انکار کردیا۔

سید یاسر نے بابر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیشہ بابر اعظم کے فیصلوں اور ان کے گینگ کی وجہ سے پاکستان کو قیمت چکانی پڑتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی کرکٹ کو بچانا چاہتے ہیں تو اس ٹولے سے نجات حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ اس موقعے پر شاداب کو ایک اوور دینا نہایت بُرا فیصلہ تھا۔ صارف نے مزید کہا کہ میں حیران تھا کہ شاداب کے 11 رنز کے بعد ہم نے میچ بہت پیچھے چھوڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تصور کریں کہ آپ کی ٹیم میں 1 اسپنر ہے اور اسے بھی چھپانا پڑ رہا ہے۔

حذیفہ خان نے کہا کہ محمد عامر بالکل ٹھیک کہہ رہا تھے، شاداب خان کو اوور دینا سنگین غلطی تھی۔

فیصل نامی ایکس صارف کہتے ہیں کہ یہی وہ غلطی تھی جہاں میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ کپتان بابر اعظم نے امریکا کے خلاف میچ میں بہت سی غلطیاں کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp