بلوچستان: طوفانی بارشوں سے درجنوں مکانات منہدم، کروڑوں کا سامان بہہ گیا

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے باعث درجنوں مکانات منہدم ہوگئے اور کروڑوں روپے کا سامان ملبے تلے دب گیا اور سیلابی پانی میں بہہ گیا۔

بلوچستان کے علاقے دکی میں بھی 2روز سے جاری طوفانی بارشوں نے تباہی مچائی، ریسکیو انتظامیہ کے مطابق بارشوں کے باعث دکی کے علاقے ناصر آباد میں درجنوں مکانات منہدم ہوگئے۔

ریسکیو کے مطابق گزشتہ رات ناصر آباد میں سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوا، سیلابی ریلے کے داخل ہونے سے 15 سے زائد مکانات منہدم ہو گئے، اور کروڑوں روپے کا سامان ملبے کا ڈھیربن گیا۔

مکانات کلی جعفر، شاہ میر، غریب آباد، کلی زمان اور کلی حیات خان ناصر میں منہدم ہوئے۔ مکانات کے منہدم ہونے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انتظامیہ کے مطابق ایک روز قبل ہی لوگوں نے خطرے کے پیش نظر نقل مکانی کرلی تھی، جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا، اور تاحال مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp