صدر مملکت آصف علی زرداری نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں ’نشانِ پاکستان‘ کا ایوارڈ عطا کر دیا۔
مزید پڑھیں
صدر مملکت نے یہ ایوارڈ پرنس رحیم کی پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور فلاح میں ان کی شاندار خدمات اور کردار کے اعتراف میں دیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزرا، اراکین پارلیمنٹ، سفارت کاروں اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔
ایوارڈ کمرشل بینکنگ، مائیکروفنانس، انشورنس، پائیدار سیاحت اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں قائدانہ کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ آغا خان ترقیاتی نیٹ ورک نے پاکستان میں تقریباً 5 کروڑ افراد کو مالیاتی خدمات تک رسائی بھی فراہم کی ہے۔
بعد ازاں ، پرنس رحیم آغا خان نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین حبیب بینک لمیٹڈ سلطان علی الانہ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
صدر مملکت کو پاکستانی عوام کی فلاح کے لیے مختلف شعبوں میں آغا خان نیٹ ورک کے کردار اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔ صدر مملکت نے پاکستان آنے پر پرنس رحیم آغا خان کا شکریہ ادا کیا۔
صدر ِمملکت نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں آغا خان خاندان کے کردار کو سراہا۔
پرنس رحیم آغا خان نے نشان ِامتیاز سے نوازنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔