تحریک انصاف نے لاہور میں شاہراہوں کی بندش کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

ہفتہ 25 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت کے باوجود شہر میں کنٹیرز لگا کر راستوں کی بندش کے عمل کو تحریک انصاف نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کےتوسط سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے عدالتی حکم پر ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسہ کے لیے این او سی جاری کیا۔

’لیکن اس کے بعد شہر کے داخلی راستوں اور اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔‘

درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ جلسے کی اجازت کےباوجود رکاوٹوں کا لگایا جانا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ راستوں کی بندش سے عام شہریوں کی نقل وحرکت بھی محدود کردی گئی ہے۔

درخواست میں حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ راستوں کو فوری طور پر کھولنے اور کنٹینرز ہٹانے کے احکامات صادر کیے جائیں۔

واضح رہے تحریک انصاف کے مینار پاکستان پر جلسہ سے قبل لاہور کی کئی شاہراہوں بند کردیں گئیں جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا ہے۔

لاہور میں نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل سمیت جلسہ گاہ جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیاہے۔

اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بھی بند ہیں۔ شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینارپاکستان جانے والے راستوں کوبھی بند کردیا ہے۔

میٹروبس سروس بھی آج جزوی طور پر معطل رکھی گئی ہے۔ شہری گجومتہ سے ایم اے او کالج تک ہی میٹروبس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp