بدو بدی کی بحث میں فواد چوہدری بھی کود پڑے

ہفتہ 8 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حال ہی میں چاہت فتح علی خان کی گائیکی کے بعد ‘اکھ لڑی بدو بدی’ گانا مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ گیا لیکن اس گانے کے حوالے سے یہ بحث بھی جاری ہے کہ اس گانے کا مطلب کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اس گانے کے حوالے سے دلچسپ بحث چھِڑ گئی جس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی اپنا حصہ ڈالتے ہوئے نظر آئے۔ ایک خاتون صحافی صباحت ذکریا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں پوچھا کہ ‘تو، یہاں ایک جھگڑا ہو رہا ہے، میں کہتی ہوں (اور ایک بھارتی پنجابی دوست اس سے متفق ہے) کہ بدو بدی کا مطلب ہے چھیتی چھیتی یا جلدی جلدی’۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاہم ان کے شوہر کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب ہے: ‘ایویں/بغیر کسی وجہ کے’۔ اپنی پوسٹ میں صحافی نے پنجابی زبان بولنے والے دیگر افراد کو دعوت دی کہ وہ اپنا مؤقف پیش کریں، جس پر متعدد لوگوں نے بدو بدی کے مطلب پر اپنی رائے دی، جن میں فواد چوہدری بھی شامل تھے۔

فواد چوہدری جو خود بھی پنجابی ہیں، انہوں نے اس کا مطلب بتاتے ہوئے رپلائی کیا کہ بدو بدی کا مطلب ہے ‘مرضی کے بغیر’ زبردستی، وہ چیز جس پر آپ کا کوئی اختیار نہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے گانے میں اس لفظ کے استعمال کی تشریح کرتے ہوئے کہاکہ نورجہاں کے اس سپر ہٹ گانے میں اسے یوں استعمال کیا گیا ہے کہ ‘میری آنکھوں پر کنٹرول کھو گیا، میری آنکھیں اپنے محبوب کو ڈھونڈ رہی ہیں’۔

خیال رہے کہ یہ گانا 60 کی دہائی میں آنے والی بالی وڈ فلم بنارسی ٹھگ میں اداکارہ ممتاز پر فلمایا گیا تھا جسے پاکستانی گلوکارہ میڈم نورجہاں نے اپنی آواز دی تھی۔ چاہت فتح علی خان کا گایا ہوا ورژن تو یوٹیوب نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی بنا پر ڈیلیٹ کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp