دھمکیاں دینے والے علی امین گنڈا پور بتائیں ان کے والد کو فوج سے کیوں جبری ریٹائر کیا گیا؟، فیصل کریم کنڈی

ہفتہ 8 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبر پختونخوا یصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب آپ دھمکیاں دیتے ہیں تو دوسرے بھی سوال کرتے ہیں کہ آپ کے والد کو فوج سے جبری کیوں رٹیائر کیا گیا تھا، آپ کو این سی اے کالج سے کیوں نکالا گیاتھا، یہ بھی قوم کو بتائیں، پھر دعوت دیتا ہوں آئیں مل بیٹھ کر صوبوں کی بہتری کے لیے کام کریں۔

ہفتہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ  ’ایس آئی ایف سی‘ اجلا س میں وزیر اعلیٰ کے لیے دعوت نامہ نہیں آیا تھا، میں نے وزیر اعلیٰ کے لیے دعوت نامہ دلوایا، پھر وہ ہمارے بھائی محسن نقوی کے پاس گئے، وزیر توانائی سے بھی ملے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو دھمکیاں دینا بہت اچھا لگتا ہے، ناچنے والے گھوڑے میدانوں میں نہیں دوڑتے، وقت بتائے گا کہ آپ ناچنے والے گھوڑے ہیں یا میدانوں میں دوڑنے والے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام کو الجھانے والی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہیے، ہم نے پہلے بھی یہی کہا تھا اور اب بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ ہمیشہ دلائل سے بات کریں تو آپ کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو کھلے عام دعوت دیتا ہوں کہ جب الیکشن آئیں تو کھلے عام سیاست کریں، آج الجھاؤ کا وقت نہیں ہے، میڈیا کے توسط سے دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں ہم مل بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کرتے ہیں۔ ہم دہشت گردی ختم کریں، صوبے کو آباد کریں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے فارم ہاؤس کے سامنے پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، اس سے قبل وہاں سے جج اغوا ہوئے ہیں، سیمنٹ فیکٹریوں سے بھتے لیے جا رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد یہ صوبوں کا حق بنتا ہے کہ وہ امن و امان قائم کریں، ہمارے وزیر اعلیٰ اپنے ضلع میں امن قائم نہیں کر سکتے اور جا کر سوات اور پشاور میں جلسے کرتے ہیں، اور دھمکیاں دیتے ہیں۔

انہوں نے علی امین گنڈاپور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ دھمکیاں دیتے ہیں تو دوسرے بھی سوال کرتے ہیں، آپ بتائیں آپ کے والد کو فوج سے جبری ریٹائر کیوں کیا گیا تھا؟ آپ اپنا بھی بتا دیں کہ آپ کو این سی اے کالج سے کیوں نکالا گیا تھا؟ وہ بھی بتا دیں، کسی تبلیغ پر تو نہیں جا رہے تھے کہ آپ کو نکالا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ترجیحات نہیں ہیں، ان کی ترجیحات ٹک ٹاک ہے، افراتفری ہے، مولانا فضل الرحمان سے سوال ہے کہ وہ آج کیوں احتجاج کر رہے ہیں؟

ایک اور سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جو باتیں کرتے ہیں وہ ان کی مجبوری ہے، میں ان کا مشکور ہوں کہ وہ کچھ نا کچھ ہماری باتوں پر عمل تو کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp