کبھی کبھی ایسا بھی ہوجاتا ہے جو انسان کی توقع کیا گمان کے برخلاف ہوتا ہے، جیسا کہ ایک امریکی شہری کیساتھ اس وقت ہوا جب وہ بلی کا بچہ سمجھ کر لومڑی کا بچہ اٹھالایا۔
ویسے اس شخص کی جگہ آپ ہوتے تو یقیناً آپ بھی دھوکا کھا جاتے، اس لیے کہ جنگل میں بے یار مددگار ملنے والا لومڑی کا یہ بچہ محض ایک دن کا تھا۔
مزید پڑھیں
بہرحال اس نومولود بچے کی دیکھ بھال امریکی ریاست ورجینیا کے شہر رچمنڈ کے وائلڈ لائف سینٹر میں جاری ہے جہاں عملہ سرخ لومٹری کے اس یتیم بچے کواس انداز میں دودھ پلا رہا ہے اور اس کی دیکھ بھال کر رہا ہے کہ جیسے وہ جنگل میں ہے اور اپنی ماں کے ساتھ ہے۔
وائلڈ لائف سینٹر کی جانب سے شیئر کی جانے والی ایک پوسٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر میلیسا سٹینلی لومڑی کے بچے کو ایک سرنج کی مدد سے دودھ پلانے کے دوران سرخ لومڑی کا ماسک اور ہاتھوں پر ربڑ کے دستانے پہنے ہوئے ہیں۔
لومڑی کے اس بچے کو ایک ایسے مصنوعی جانور پر بٹھایا گیا ہے،جس میں جانور کی کھال کو اندر سے بھر کر اسے حقیقی جیسا روپ دیا گیا ہے۔ سٹینلی کا کہنا ہے کہ ایسا اس لیے کیا گیا ہے کہ لومڑی کے بچے کو یہ محسوس ہو جیسے وہ اپنی ماں پر بیٹھا ہوا ہے۔
وائلڈ لائف سینٹر کی اس پوسٹ کے مطابق لومڑی کے اس یتیم بچے کو ایسے ماحول میں رکھا جا رہا ہے جیسے وہ جنگل میں ہے اور اس کے آس پاس جنگل ہی کے جانور ہیں۔ اسی لیے بچے کو دودھ پلانے اور دیکھ بھال کرنے والا عملہ جب اس کے پاس آتا ہے تو چہرے پر لومڑی کا ماسک لگا لیتا ہے اور انسانی ہاتھ چھپانے کے لیے ربڑ کے دستانے پہن لیتا ہے۔
پوسٹ کے مطابق بچے کی ایسے ماحول میں پرورش ضروری ہے جس پر انسان کی چھاپ نہ ہو تاکہ وہ انسان سے مانوس اور اس کا عادی نہ ہو جائے۔ اسی لیے بچے کو ایسی جگہ رکھا جا رہا ہے جہاں انسانی آوازیں کم سے کم ہیں اور اسے انسان دکھائی بھی نہ دیں۔