‘انتخابات میں تاخیر: شہباز شریف کا حال بھی یوسف رضا گیلانی جیسا ہوتا نظر آرہا ہے’

ہفتہ 25 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مینار پاکستان پر جلسہ تاریخ ساز ہوگا ،نگران حکومت نے عدالتی احکامات کے باوجود رکاوٹیں کھڑی کرنا شروع کردی ہیں جو قبول نہیں۔

زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہر ضلع کو سیل کر کے کنٹیر لگادیے گئے ہیں اور کارکنوں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور اس وقت تک ہمارے 1500 سے 1800 سے قریب کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

شاہ  محمو دقریشی نے کہا کہ لاہور انتظامیہ ہمارے جلسے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی تھی تو ہم نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا جس کے بعد جلسے کی اجازت دی گئی۔

چھاپے کے دوران والد کے بجائے بیٹے کو اٹھا لیاگیا

وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران والد کے بجائے بیٹے کو اٹھا لیا گیا ،عدالتی احکامات کے باوجود جلسے کی راہ  میں رکاوٹیں  عمران خان کا خوف نہیں تو اور کیا ہے،آج کے جلسے میں عمران خان کا پیغام انتہائی اہم ہو گا جو نئی دعوت دے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جلسہ سیاسی عمل ہے مگر اس کے باوجود نام نہاد نہاد جمہوری حکومت راستے میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے،ایسی صورت حال میں پی ڈی ایم کے ساتھ جمہوریت کا لفظ نہیں سجتا۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے کہا کہ لوگ پی ڈی ایم والوں کو جمہوری نہیں سمجھتے،ہم نگران حکومت سے پوچھتے ہیں کہ کیا جب مریم نواز مختلف اضلاع میں جلسے کے لیے جاتی ہیں تو وہاں پر بھی راستے میں کنٹینر کھڑے کیے جاتے ہیں۔

لاہور سیاسی شعور رکھتا ہے خاموش نہیں رہے گا

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نگران حکومت سے سوال کرتا ہوں کہ ہمارے جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کیوں ڈالی جارہی ہیں،لاہور سیاسی شعور رکھتا ہے اس نے کبھی خاموشی اختیار نہیں کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں لاہور کے عوام سے اپیل کرتاہوں کہ تمام تررکاوٹوں کے باوجود باہر نکلیں اور مینار پاکستان جلسہ میں شرکت کے لیے پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ جو گاڑی لاہور آئی اس کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا اس لیے میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ کا امتحان ہے ضرور باہر نکلیں اوراگر کوئی رکاوٹ ڈالتا ہے تو پرامن طریقے سے رکاوٹیں ہٹانی ہیں لاٹھی،پتھر یا ڈنڈا ہاتھ میں نہیں ہونا چاہیے۔

کارکنان جذبے سے لیس ہو کر مینار پاکستان آئیں

شاہ محمود کا کہنا تھاکہ پاکستان کو ذہنی غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرانا ہے اس کے لیے کارکنان جذبے سے لیس ہو کر آئیں کیوں کہ ہم نے آئین اور ملک کی عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا آج کا پیغام انتہائی اہم ہو گا جو لوگوں کو   نئی دعوت دے گا،ہم انتخابات میں تاخیر پر قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ انتخابات کے معاملے پر چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ کاز لسٹ پر درخواست کو سنیں۔

شہبازشریف کا یوسف رضا گیلانی والا فیصلہ آسکتاہے

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے ہماری درخواست والے معاملے کو دیکھا تو شہبازشریف کا یوسف رضا گیلانی والا فیصلہ آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں یوسف رضا گیلانی عدالت کا حکم نہ ماننے پر نااہل ہوچکے اور اب وہی کام شہبازشریف بھی کررہے ہیں ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp