امریکا میں طوفان سے بڑی تباہی، 23 افراد ہلاک، متعدد عمارتیں اور گھر تباہ

ہفتہ 25 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست مسیسیپی میں جمعے کی شب طوفانی بگولے نے تباہی مچا دی جس سے کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے باعث تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق طوفان کی وجہ سے جو تباہی آئی اس سے درخت اور بجلی کی تاریں بھی اکھڑ گئی ہیں جس سے بجلی کی ترسیل کا عمل بھی متاثر ہو گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کی کئی دیگر جنوبی ریاستوں میں بھی طوفانوں کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست مسیسیپی میں گولف بالز کے سائزجتنے بڑے بارش کے گولوں کی اطلاع بھی ملی ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ اس علاقے سے ایک یا ایک سے زائد طوفان ٹکرائے ہیں۔

مسیسیپی کے ایک چھوٹے سے قصبے رولنگ فورک کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے ان کے گھروں کو کافی نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے اس طرح کا طوفان کبھی نہیں دیکھا۔

ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ وہ، ان کی اہلیہ اور ان کی 3 سالہ بیٹی رولنگ فورک میں ایک رشتہ دار کے گھر پر تھے جب یہ  طوفان آیا اور سارے آسمان پر اندھیرا چھا گیا۔

رہائشیوں نے کہا کہ طوفان ان کے گھر سے ٹکرایا جس سے ان کے گھر کو کافی نقصان ہوا ہے۔

مسیسیپی کے گورنر ٹیٹ ریوز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سرچ اور ریسکیو کی ٹیمیں متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔

گورنر ٹیٹ ریوز نے لوگوں سے دعا کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

میڈٰیا رپورٹس کے مطابق علاقے کے لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ تباہ شدہ بجلی کی لائنوں، عمارتوں اور سیلاب کے پانی سے دور رہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp