شاہ سلمان کا فلسطینی شہدا اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کے لیے حج کا خصوصی انتظام

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے 1000 فلسطینی شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ کو حج کی ادائیگی کے لیے مدعو کرنے کا حکم دیا ہے۔

شاہی فرمان کے تحت، اس سال غزہ کی پٹی کے شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ کو حج کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے، جس سے فلسطین سے آنے والے کل مہمانوں کی تعداد 2000 ہو گئی ہے۔ یہ اقدام خادم الحرمین الشریفین کے مہمانوں کے حج اور عمرہ پروگرام کا حصہ ہے، جسے وزارت اسلامی امور، دعوت اور ارشاد کے ذریعے عمل میں لایا جا رہا ہے۔

وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس شاہی اقدام کو فلسطینی عوام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کا اظہار قرار دیا۔

ڈاکٹر آل الشیخ نے کہا کہ اس غیر معمولی مہمان نوازی کا مقصد غزہ کے عوام کی مشکلات میں کمی کرنا ہے اور یہ اقدام سعودی عرب کی فلسطینی عوام کے ساتھ مسلسل حمایت کی علامت ہے، جو بانی شاہ عبدالعزیز کے دور سے جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت نے شاہی حکم کے فوراً بعد ہی مہمانوں کے استقبال کی تیاری شروع کر دی ہے اور حج کے دوران ان کی سہولت کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp