ملک بھر میں گرمی کے ڈیرے، پنجاب میں عید تک ہیٹ ویو کا خدشہ

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پورا ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی، جنوبی میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے اور بارشیں نہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں ہفتہ پنجاب بھر میں ہیٹ ویو چلنے کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے جبکہ رواں ہفتہ ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تاہم عید الاضحیٰ تک موسم اسی طرح گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے صوبے میں رواں رواں ہفتہ ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں عیدالاضحیٰ تک موسم گرم اور خشک رہنے کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور بلاوجہ گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر شدید گرمی کے نرغے میں ہے۔ لاہورمیں آج درجہ حرارت کم سے کم 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ 43ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں درجہ حرارت مزید بڑھے گا اور 46ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی جا سکتا ہے۔ البتہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اورہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp