وزیر اعظم شہباز شریف کی نریندر مودی کو بھارتی وزیر اعظم کا حلف اٹھانے پر مبارکباد

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تیسری مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے پر مباک باد دیتے ہوئے ان کے لیے ایکس پر ایک تہنیتی پیغام پوسٹ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے سربراہ نریندر مودی نے گزشتہ روز تیسری مرتبہ بھارت کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، بھارتی صدر دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں ایک پر وقار تقریب میں نریندر مودی اور ان کی کابینہ سے حلف لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب حلف برداری سے قبل سیکیورٹی حکام نے دہلی میں سیکیورٹی انتظامات کو انتہائی سخت کر رکھا تھا، پولیس، فوج اور ٹریفک اہلکاروں کی اضافی تعیناتی کے ساتھ ساتھ صدارتی رہائش گاہ کے اردگرد انتہائی جدید سیکیورٹی آلات بھی نصب کیے گئے تھے، اس موقع پر دارالحکومت کو ‘نو فلائی زون’ بھی قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دونوں ہم منصبوں کی جانب سے ایک دوسرے کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دینے کے ضمن میں ایک سطر پر مشتمل انتہائی روایتی تہنیتی پیغام ایکس پر پوسٹ کیا گیا ہے، رواں برس مارچ میں نریندر مودی کی جانب سے لکھا پیغام 13 الفاظ جبکہ شہباز شریف کا پیغام بمشکل 12 الفاظ پر مشتمل ہے۔

عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کے نتیجہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد شہباز شریف کو وزیر اعظم نریندر مودی نے اپریل 2022 میں 46 الفاظ پر مشتمل تہنیتی پیغام بھیجا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp