وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں تیرہویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، احسن اقبال، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
کونسل کو 24-2023 کے سالانہ ترقیاتی منصوبے و کارکردگی اور 25-2024 کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے کے بارے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ برس کے لیے شرح نمو کے ہدف میں واضح اضافہ کیا گیا ہے، وزیراعظم نے اس موقع پر کہاکہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زراعت کی ترقی کے لئے صوبوں سے مشاورت انتہائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے، یقینی بنایا جائے کہ زراعت اور دیگر شعبوں کے حوالے سے صوبوں کی تجاویز کو پلان میں شامل کیا جائے۔
کونسل نے معیشت کی شرح نمو کے اہداف، میکرو اکنامک فریم ورک برائے سالانہ منصوبہ بندی 25-2024 کی اشاعت اور وزارتوں، صوبوں و خصوصی اداروں کو اس منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔
کونسل کو تیرہویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے پر تفصیلی بریفنگ
کونسل کو تیرہویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ منصوبے کے اہداف میں ملک کے ہر خطے بالخصوص پسماندہ علاقوں کی ترقی، برآمدت میں اضافے، چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعت کے فروغ، سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت، افرادی قوت کی استعداد میں اضافے، نالج اکانومی کی سمت میں ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لئے لائحہ عمل شامل ہیں۔
کونسل نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت دی کہ صوبوں کو قومی معیشت میں مثبت کردار اور برآمدات میں اضافے کے لیے مختلف شعبوں میں واضح اہداف کا ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ معیشت کی مجموعی شرح نمو کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے صوبوں کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے اور اس کے لیے شروعات اہم شعبوں مثلاً زراعت سے کی جائے۔
کونسل کو معیشت کی بحالی اور ملکی ترقی کے لیے قومی اہداف اور ان کو حاصل کرنے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں 25-2024 کے ترقیاتی بجٹ کے مجوزہ اعشاریے پیش
اجلاس کو بتایا گیا کہ برآمدی مصنوعات کی تیاری، زراعت کی جدت، مصنوعی ذہانت و بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ، پائیدار و قابل تجدید توانائی، پانی کے ذخائر کا موثر استعمال، نوجوانوں اور خواتین کی ترقی اور سی پیک کے دوسرے مرحلے پر مؤثر و جلد عملدرآمد جیسے اقدامات آئندہ 5 برس میں ملکی معیشت کی ترقی یقینی بنائیں گے۔
کونسل کو 24-2023 کے ترقیاتی بجٹ کا جائزہ اور 25-2024 کے ترقیاتی بجٹ کے مجوزہ اعشاریے بھی پیش کیے گئے۔
کونسل کو بتایا گیا کہ آئندہ ترقیاتی بجٹ میں سی پیک کے منصبوں، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں، تکمیل کے قریب جاری منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کو ترقیاتی بجٹ میں شامل کرنے اور پسماندہ علاقوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دی جائے گی، کونسل نے مذکورہ اقدامات کی منظوری دے دی۔
کونسل کو سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اور ایگریکٹیو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ECNEC) کی یکم اپریل 2023 سے یکم مئی 2024 کی کارکردگی پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
ملکی معیشت کی بحالی کے لیے حکومت وسائل کا استعمال یقینی بنائے گی، وزیراعظم شہباز شریف
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ملک کی ترقی، معیشت کی بحالی اور عوامی کی خوشحالی کے لیے حکومت موجودہ وسائل کے بہترین استعمال یقینی بنائے گی۔
اجلاس میں کونسل نے گزشتہ روز لکی مروت میں دہشتگروں کے حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس شہید اور دیگر فوجی جوانوں کے لیے مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
دریں اثنا وزیراعظم نے قومی اقتصادی کونسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کمیٹی صوبوں و دیگر اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت سے نہ صرف قومی اقتصادی کونسل کو مزید فعال بنانے بلکہ اسے ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تجاویز مرتب کرے گی۔