ماہرین معیشت کا ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے اسلامی معاشیات کی جانب رجوع پر زور

ہفتہ 9 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلامی اقتصادیات کے ممتاز ماہرین نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں جبکہ اسلامی مالیات نے کافی توجہ حاصل کی ہے، اس کی حقیقی صلاحیت ایک جامع اسلامی اقتصادی ڈھانچہ تیار کرنے میں مضمر ہے جو اسلامی سماجی مالیات کی پرورش اور مجموعی ترقی کو فروغ دے کر پاکستان کے سماجی و اقتصادی منظر نامے کو بہتر بنا سکتا ہے۔

ماہرین نے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) کے تعاون سے قائداعظم یونیورسٹی کے اسکول آف اکنامکس میں ‘اسلامک فنانس سے اسلامی معیشت تک’ کے عنوان پر منعقدہ ایک روزہ ہ ‘پہلی انٹرنیشنل اسلامک اکنامکس اینڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس’ کے دوران خیالات کا اظہار کیا۔

’اسلامی تعلیمات جو کہ غربت کے خاتمے، مساوی ترقی اور پائیدار اقتصادی ترقی جیسے پائیدار ترقی کے اہداف (سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز) کے ساتھ منسلک اصولوں میں جڑی ہوئی ہیں، ترقی کے لیے ایک جامع خاکہ پیش کرتی ہیں۔

اس کانفرنس میں متنوع موضوعات پر مشتمل متعدد مقالے بھی پیش کیے گئے۔ شرکا میں وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور، اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈائریکٹر سلیم احمد رانجھا، قائم مقام چیف اکانومسٹ پلاننگ کمیشن ظفر الحسن الماس، یاسان وقف ملائیشیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر رضوان بکر شامل تھے۔

اس کے علاوہ وائس چانسلر قائدِ اعظم یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر، وائس چیئرمین آئی پی ایس اور سابق سفیرسید ابرار حسین، قائدِ اعظم یونیورسٹی کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد ادریس، کانفرنس کے چیئر اور قائداعظم یونیورسٹی کے اسکول آف اکنامکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طارق مجید، اسلامی سماجی مالیات کے ماہر اورزیبسٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلمان شیخ، اور قائداعظم یونیورسٹی کے اسکول آف اکنامکس سے پروفیسر انور شاہ دیگر نے خطاب کیا۔

اسلامی معیشت کی طرف منتقلی کے لیے کثیر جہتی نقطہ نظر کی ضرورت ہے

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی معیشت کی طرف منتقلی کے لیے کثیر جہتی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ پائیدار اور جامع ترقی کے لیے اسلامی تعلیمات کے عناصر کو شامل کرنا اور مقامی ماڈلز کا فائدہ اٹھانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ معیشت کی بحالی کو مالیات سے آگے بڑھ کر پیداوار، کھپت اور مالیاتی تقسیم کے نظام کو اسلامی اصولوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔

اسلامی سماجی مالیات ایک مکمل متبادل معیشت ہے، جسٹس محمد انور

جسٹس محمد انور نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اسلامی سماجی مالیات ایک مکمل متبادل معیشت ہے، جس کا حجم حیران کن ہے۔ اسلامی مالیات سے ایک مربوط اسلامی معیشت کی طرف منتقلی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ اسٹیک ہولڈرز کی ذہنیت میں ایک مثالی تبدیلی کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس کے لیے نہ صرف تکنیکی چیزوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے بلکہ ادارہ جاتی تذبذب پر بھی قابو پانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے آئی ایم ایف میں اسلامی بینکاری اور فنانس کی قبولیت ہے جبکہ چین بھی اس حوالے سے متفق ہے۔ تاہم متعلقہ پاکستانی ادارے اپنا کمفرٹ زون چھوڑنا نہیں چاہتے۔ اسلامی معاشی اصولوں کو اپنانے کے لیے بالخصوص بینکنگ جیسے شعبوں میں بتدریج لیکن ثابت قدمی کی ضرورت ہے اور ملائشیا اور انڈونیشیا جیسے ممالک کے کامیاب ماڈلز سے سبق حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ اسلامی تعلیمات ایسے حل پیش کرتی ہیں جو مغربی معاشی نمونوں کے برعکس ملک کے سماجی و ثقافتی تانے بانے سے مطابقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مارکیٹ کے ساتھ مل کر خاندان، محلے اور مذہبی بنیادوں جیسے مساجد اور وقف جیسے سماجی اداروں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

’مقاصد الشریعہ کو سماجی و اقتصادی اہداف میں ضم کرنا خاندانی اور اجتماعی بہبود کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ اس طرح، مارکیٹ کی قوتوں اور اسلامی سماجی مالیات کے درمیان ہم آہنگی، بشمول زکوٰۃ اور وقف، سماجی چیلنجوں سے نمٹنے اور اقتصادی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے ضروری ہے۔ اس سلسلے میں زکوٰۃ کی صلاحیت اور دیگر نظر انداز کیے گئے وسائل، جیسے معدنی دولت، غیر استعمال شدہ راستوں کی نشاندہی کرتی ہے‘۔

اصل چیلنج علم کے استعمال میں ہے، ڈاکٹر امجد ثاقب

ڈاکٹر امجد ثاقب نے وسائل کی کمی کے ںظریے کو مسترد کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اصل چیلنج علم کے استعمال میں ہے۔ یہ الٹا وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال میں رکاوٹ ہے۔ وسائل کو بہتر بنانے اور روایتی اور اسلامی معاشیات کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کے لیے علمی افق کو وسعت دینا بنیادی ضرورت ہے۔

انہوں نے موجودہ منظر نامے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناتے ہوئے کھپت پر مبنی معیشت سے پیداوار پر مبنی ماڈل کی طرف منتقلی کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز کا ماخذ اسلامی تعلیمات ہونی چاہییں جو غربت، بھوک کے خاتمے، سب کے لیے تعلیم اور صنفی مساوات پر زور دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کو متحرک کرنے کے لیے نچلی سطح پر مقامی آبادیوں کی مجموعی پیداوار کو بڑھانا، تعلیم اور طلبہ کی فعال شمولیت جیسے ترقی کے ماڈلز پر زور دینا چاہیے۔

اسلامی سماجی مالیات کی صلاحیت کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے، ظفر الحسن

ظفر الحسن نے کہا کہ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی سماجی مالیات کی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے، کاروبار کے کلچر کو فروغ دیا جائے، اور انوویشن کے ذریعے دولت کی تخلیق کے لیے سازگار ایکو سسٹم کو پروان چڑھایا جائے۔ نوجوان، نئے آئیڈیاز اور ایک فعال نقطہ نظر سے لیس ہو کر، انٹرپرینیورشپ میں قدم رکھ کر اور ملک کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال کر معاشی ترقی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاور سیکٹر میں بڑے پیمانے پر گردشی قرضے، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے ایک جامع اقتصادی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اس تناظر میں کہ جب صنعتی اور دیگر شعبوں کو چیلنجز کا سامنا ہے، علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینے، تحقیق و تخلیق کی حوصلہ افزائی اور نوجوانوں میں دولت کی تخلیق کو فروغ دینے کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

پاکستان کے معاشی ارتقا کے لیے اسلامی مالیات اہم ہے، ماہرین کی رائے

ماہرین نے رائے دی کہ قرض حسنہ جیسے تصورات کی مدد سے کاروبار کے لیے سازگار ثقافت کی تشکیل سے معاشی منظرنامے کو تقویت مل سکتی ہے۔ جدیدٹیکنالوجی کا شعبہ نوجوانوں کی انٹرپرینیورشپ کے لیے خاطر خواہ مواقع پیش کرتا ہے۔

کانفرنس نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اسلامی مالیات سے ایک جامع اسلامی معیشت کی طرف منتقلی پاکستان کے معاشی ارتقا کے لیے اہم ہے۔ اقتصادی سرگرمیوں کے تمام پہلوؤں میں اسلامی اصولوں کو اپنانا، سماجی اداروں کو بااختیار بنانا اور جدت طرازی اور کاروبار کی ثقافت کو فروغ دینا پائیدار ترقی کے لیے کلیدی کردار ہیں۔ ایک مربوط اسلامی معیشت کی طرف سفر نہ صرف اقتصادی ترقی کا راستہ ہے بلکہ اس کے بھرپور ورثے اور اسلامی اقدار میں جڑی جامع خوشحالی کے لیے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp