فیفا ورلڈ کپ2026: کوالیفائرز راؤنڈ2 کھیلنے قومی فٹبال ٹیم بالآخر تاجکستان روانہ

منگل 11 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ورلڈکپ 2026 کے کوالیفائرز راؤنڈ 2 کا میچ کھیلنے کے لیے قومی فٹبال ٹیم بالآخر تاجکستان روانہ ہوگئی ہے، قومی ٹیم نے پرائیویٹ ائیر لائنز کی چارٹرڈ پرواز سے دوشنبے روانہ ہونا تھا لیکن چارٹرڈ فلائٹ کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔

پاکستان فٹبال اسکواڈ جہاز میں سوار ہونے کے لیے لاؤنج میں پہنچ چکا تھا جب بتایا گیا کہ پرواز میں فنی خرابی آگئی ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے فیصل آباد سے براستہ دبئی دوشنبہ جانا تھا تاہم نجی ایئرلائن کی پرواز 2 بار تاخیر کے بعد ہفتے کے روز منسوخ ہوگئی تھی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ایئرلائن سے چارٹرڈ پرواز کے لیے رابطہ کیا تھا مگر وہاں سے کوئی جواب نہ ملنے پر وزیراعظم آفس سے رابطہ کیا گیا۔

قومی فٹبال ٹیم کی دوشنبے روانگی کے لیے پی ایف ایف کی جانب سے سرتوڑ کوششیں کی گئیں جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی سے قومی فٹبال ٹیم تاجکستان روانہ ہوگئی۔

قومی فٹبال ٹیم پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے سے نور خان ائیر بیس سے دوشنبہ روانہ ہوئی، جہاں قومی ٹیم کا میچ آج تاجکستان سے شیڈول ہے اور میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp