انسانی اسمگلنگ کیس میں صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد

منگل 11 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کی سٹی عدالت نے انسانی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار معروف سماجی کارکن صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

درخواست کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صارم برنی کے وکیل عامر نواز وڑائچ نے بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو سیشن کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

وکیل عامر نواز نے کہا کہ تحریری حکم نامہ ملے گا تو ضمانت مسترد ہونے کی وجوہات کا علم ہوگا، مقدمہ زیر تفتیش ہے، ممکنہ طور پر اس لیے ضمانت مسترد ہوئی، امید ہے صارم برنی کو سیشن کورٹ سے ضمانت مل جائے گی۔

صارم برنی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے معاملے کی درست انکوائری نہیں کی، اسپتال سے بچی کو گود لینے والے والدین نے اس بچی کو صارم برنی ٹرسٹ کے حوالے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو گود لینے کے عمل میں تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جاتا ہے، ایف آئی اے نے  الزامات لگائے مگر شواہد پیش نہیں کیے۔

واضح رہے کہ صارم برنی کو انسانی اسمگلنگ کے الزام میں 5 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر امریکی حکام نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp