مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد العیسی کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں جاری انگلش فٹبال لیگ کے میچوں کے دوران مسلم کھلاڑیوں کی افطاری کے لیے وقفہ کرنے کا فیصلہ قابلِ تحسین و ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس احترام کی مثال ہے جو ایک ہم آہنگ اور مربوط معاشرے میں مذہبی خصوصیات کو ملنا چاہیے۔
ہمیں خوشی ہے کہ انگلش فٹ بال لیگ نے ماہ #رمضان المبارک میں مسلمان کھلاڑیوں کے افطاری کے لئے کھیل کے دوران وقفہ کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اقدام دنیابھر کے مسلمانوں کی طرف سے قابل تحسین وستائش ہے،اور اس احترام کی مثال ہے جو ایک ہم آہنگ اور مربوط معاشرے میں مذہبی خصوصیات کو ملنا چاہئے۔— Mohammed Al-Issa محمد العيسى (@MhmdAlissa) March 24, 2023
واضح رہے کہ رمضان المبارک کے احترام میں انگلش فٹبال لیگ میں مسلم فٹبالرز کو میچوں کے دوران روزہ افطار کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
انگلش فٹبال لیگ میں ریفریز باڈی کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ مسلم کھلاڑیوں کو میچوں کے دوران روزہ افطار کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔
تجویز میں کہا گیا تھا کہ لیگ انتظامیہ روزے دار فٹبالرز کے لیے افطار کے دوران کھیل میں وقفہ کرنے کی اجازت دے اور فٹبالرز کو پانی، انرجی فوڈ اور سپلیمنٹس فراہم کیے جائیں۔
تجویز میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ریفری میچ سے پہلے روزہ رکھنے والے فٹبالرز کی شناخت کریں گے اور بعد میں ان کے لیے روزہ افطار کرنے کا وقت مقرر کریں۔
یاد رہے کہ لیورپول کے محمد صلاح، چیلسی کے این گولو کانٹے اور مانچسٹر سٹی کے ریاض مہریز بھی اس وقت انگلش پریمیئر لیگ کا حصہ ہیں۔