ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی جیت، کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

منگل 11 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں کینیڈا کو شکست دیتے ہوئے پہلی فتح اپنے نام کرلی ہے۔

نیویارک میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کینیڈین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 106 رنز اسکور کیے، اور جواب میں قومی ٹیم نے ہدف 17.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کینیڈا کی جانب سے ارون جانسن 52 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے، اس کے علاوہ کپتان سعد بن ظفر نے 10 رنز اسکور کیے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی بیٹنگ

107 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر محمد رضوان نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس کے علاوہ بابر اعظم 33، صائم ایوب 6، فخر زمان 4 اور عثمان خان نے 2 رنز اسکور کیے۔

کینیڈا کی جانب سے ہیلکر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گارڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی کرکٹ ٹیم میں آج افتخار احمد کی جگہ صائم ایوب کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخرزمان، عثمان خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف،محمد عامر اور صائم ایوب شامل تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان دو گروپ میچ ہار چکا ہے جس کے باعث ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے اگر مگر کی کیفیت کا شکار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp