وفاقی سیکریٹری تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں داخلے کے لیے ب فارم کی شرط ختم کردی

منگل 11 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی سیکریٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے اسلام آباد کے تمام سرکاری اسکولوں میں داخلے کے لیے ب فارم کی شرط کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہاکہ وہ تمام طلبہ جنہیں ب فارم نہ ہونے پر داخلہ دینے سے انکار کیا جاتا ہے، جس میں زیادہ تر گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کے بچے شامل ہوتے ہیں، انہیں یہ بنیاد بنا کر داخلے سے مزید نہیں روکا جائے گا۔

محی الدین وانی نے کہاکہ اب کوئی بھی بچہ ب فارم نہ ہونے پر تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہیں رہے گا۔

واضح رہے کہ یہ اعلان انہوں نے وفاقی وزارت تعلیم اور نیوز ویب سائٹ وی نیوز کے اشتراک سے اسلام آباد میں نئے تعلیمی اقدامات کے حوالے سے ایک معلوماتی سیشن کے دوران کیا۔

تعلیم پر مبنی اس سیمینار میں سیکریٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے شرکا کو مزید بتایا کہ وزارت تعلیم اس وقت کون کون سے منصوبوں پر کام کررہی ہے، اور ایسے کون سے اقدامات کررہی ہے جس سے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم دی جائے گی، اور سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ اسکولوں سے کیسے بہتر کیا جائے گا۔

محی الدین احمد وانی نے سیمینار میں شرکا سے مزید بات کرتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیاکہ وہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور آئندہ بھی بہتری کے لیے مزید منصوبے متعارف کروانے جارہے ہیں۔

’اب سرکاری اسکولوں میں سہولیات پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر ہوں گی، اب آئی ٹی لیب، اسمارٹ کلاس رومز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے امتحانات کی چیکنگ، انفراسٹرکچر اور لائبریریز کی اپ گریڈیشن ہوگی، اس سب کے لیے حکومت نے 8 ارب کی جگہ 25 ارب روپے کا سالانہ بجٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp