وی سیمینار: اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں پرائمری امتحان ختم، نصاب آدھا کردیا، وفاقی سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی

منگل 11 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے وفاقی وزارت تعلیم نے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔

وفاقی سیکریٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے دعویٰ کیا ہے کہ اب سرکاری اسکولوں میں سہولیات پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر ہوں گی، نصاب کو آدھا کردیا گیا ہے، اور اب 5 کی جگہ صرف 3 مضامین پڑھائے جائیں گے۔

وفاقی وزارت تعلیم اور نیوز ویب سائٹ وی نیوز کے اشتراک سے اسلام آباد میں نئے تعلیمی اقدامات کے حوالے سے ایک معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی نے کہاکہ اب پرائمری تک کسی بچے سے امتحان نہیں لیا جائے گا جبکہ میٹرک امتحانات کی مارکنگ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے کی جائے گی، اور 15 دنوں میں رزلٹ تیار کیا جائے گا جو کہ پبلک نہیں ہوگا، صرف اس بچے یا والدین کو دیا جائےگا۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں اب آئی ٹی لیب، اسمارٹ کلاس رومز، انفراسٹرکچر اور لائبریریز کی اپ گریڈیشن ہوگی، اس سب کے لیے حکومت نے 8 ارب کی جگہ 25 ارب روپے کا سالانہ بجٹ جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

’سیکریٹری تعلیم نے تمام تر اختیارات اور بجٹ پرنسپل کو منتقل کردیا ہے، صرف پوسٹنگ کا اختیار سیکریٹری کے پاس ہے‘۔

سیکریٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے شرکا کو بتایا کہ وزارت تعلیم اس وقت کون کون سے منصوبوں پر کام کررہی ہے، اور ایسے کون سے اقدامات کر رہی ہے جس سے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم دی جائے گی، اور سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ اسکولوں سے کیسے بہتر کیا جائےگا۔

میڈیا اداروں کی ذمہ داری صرف خبر دینا نہیں، عمار مسعود

وی نیوز کے چیف ایڈیٹر عمار مسعود نے سیشن کے آغاز میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا اداروں کی صرف یہ ذمے داری نہیں کہ وہ خبر دیں بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ وہ سماجی بیداری کا کام کریں، اور معاشرتی اصلاح کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ ہر طبقے کے ماہرین کو موقع دیا جانا چاہیے کہ وہ سامنے آ کر بات کریں جس سے ملکی مسائل کے حل میں کچھ مدد مل سکے۔

نوکری کو ذمہ داری سمجھ کر فیلڈ میں نام بنانے والوں کی بہت کمی ہے، وسیم عباسی

ڈائریکٹر نیوز ’وی نیوز‘ وسیم عباسی نے کہاکہ پاکستان میں ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے جنہوں نے اپنی نوکری کو ذمہ داری سمجھ کر فیلڈ میں اپنا نام بنایا۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی سیکریٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی بھی ان چند افراد میں سے ہیں کہ جن کے کام کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں ان کے چرچے ہیں، انہوں نے اسکولوں کو اتنا بہتر کردیا ہے کہ اب پھر سے دل کرتا ہے کہ داخلہ لے کر تعلیم حاصل کی جائے۔

سیکریٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے معلوماتی سیشن سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ میرا مشن ہے کہ اسلام آباد کے تمام 432 سرکاری اسکولوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جائے، معیار تعلیم اور نصاب کو اچھا کیا جائے اور اسکولوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیاجائے۔ اسکولوں میں داخلے کے لیے ب فارم لازم ہونے کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے۔

وفاقی سیکریٹری وزارت تعلیم نے کہاکہ وزارت تعلیم ڈریم پاکستان کے نام سے ایک منصوبے پر کام کررہی ہے، اس منصوبے کے تحت ملک میں ایک تعلیمی انقلاب لایا جائے گا

انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کے تحت بچوں کو اچھے ماحول اور اچھے اسکول میں اچھی اور معیاری تعلیم دی جائے گی، آئی ٹی سے متعلقہ کام کرنے والوں کو اسکولوں اور کالجوں کے بڑے ہالز میں شام کے وقت کام کرنے کی جگہ بالکل مفت فراہم کی جائے گی، جبکہ اسکولوں کو سولر سسٹم پر بھی منتقل کیا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp