بھارت بمقابلہ امریکا، پاکستانیوں کو انڈین ٹیم کی جیت کے لیے دعا کیوں کرنی چاہیے؟

بدھ 12 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈکپ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے پاکستان ٹیم کو آئرلینڈ کے خلاف اپنا اگلا میچ جیتنا بہت ضروری ہے، تاہم اس کے علاوہ پاکستان کو امریکا کی بھارت اور آئرلینڈ سے شکست کی دعا بھی کرنا ہوگی کیونکہ امریکا نے اگر مزید ایک پوائنٹ بھی حاصل کرلیا تو پاکستان کا سفر وہیں ختم ہو جائے گا۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 22ویں میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی اور اس میگا ایونٹ میں پوائنٹ ٹیبل پر پہلی فتح اپنے نام لکھوائی، اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان کے سُپر8 مرحلے میں رسائی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں، تاہم اس مرحلے میں پہنچنے کے لیے قومی ٹیم راستہ ابھی بھی کانٹوں سے بھرا پڑا ہے۔

سُپر8 مرحلے میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو اپنا اگلا میچ آئرلینڈ سے نہ صرف جیتنا ہوگا، بلکہ اپنا نیٹ رن ریٹ بھی بہتر بنانا ہوگا، ساتھ ساتھ پاکستان کو گروپ میں موجود اپنے روایتی حریف بھارت کی امریکا اور کینیڈا سے جیت کے لیے دعا بھی کرنا ہوگی، پاکستان کو آئرلینڈ کی مدد بھی درکار ہوگی، آئرلینڈ قومی ٹیم سے ہار کر امریکا سے جیتے تو ہی پاکستان سُپر8 مرحلے میں جاسکے گا۔

پاکستان اپنا اگلا میچ آئرلینڈ سے جیتتا ہے تو اس کے 4 میچز میں 4 پوائنٹس ہوں گے، امریکا اپنے اگلے دونوں میچ ہارتا ہے تو پوائنٹ ٹیبل پر اس کے بھی 4 پوائنٹس ہوں گے، جبکہ کینیڈا اور آئرلینڈ کے 2،2 پوائنٹس ہوں گے۔

بھارت اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت چکا ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کے 4 پوائنٹ ہیں، اگر بھارت اپنے اگلے 2 میچز میں کامیابی حاصل کرتا ہے تو وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ براہ راست سُپر8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گا، جبکہ امریکا اور پاکستان نیٹ رن ریٹ پر آگے جائیں گے، ایسی صورتحال میں گرین شرٹس کو آئرلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہوگی، قومی ٹیم یہ بھی امید کرے کہ بھارت اور آئرلینڈ امریکا کو بڑے مارجن سے ہرائیں۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں میزبان امریکا کے ہاتھوں سُپر اوور میں شکست ہوئی تھی جب کہ دوسرے میچ بھارت 6 رنز سے جیت گیا تھا، پاکستان اپنا اگلا میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp