عیدِ قربان پر مٹن اور بیف سے کون کون سے پکوان تیار کیے جاتے ہیں؟

منگل 18 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عرضِ پاک دنیا کے ان خوش نصیب خطوں میں سے ایک ہے جہاں پہاڑ، دریا، سمندر اور سہرا سب موجود ہیں۔ اس زمین کو پروردگار نے جغرافیائی طور پر جتنا منفرد بنایا ہے ویسے ہی یہاں بسنے والے لوگ بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔

ملک میں پنجابی، سندھی، پٹھان، سرائیکی، ہزارہ، بلوچ اور اردو بولنے والوں کے علاوہ مختلف زبانیں بولنے والے لوگ موجود ہیں اور جس طرح ہر علاقے کی اپنی تہذیب، ثقافت اور روایات ہیں بالکل اسی طرح ان علاقوں میں کھائے جانے والے کھانے بھی ایک دوسرے سے جدا ہیں۔ بالخصوص بات ہو اگر تہواروں کی تو ملک میں بسنے والی مختلف اقوام اپنی اپنی ثقافت سے منسوب کھانے تیار کرتی ہیں۔

عید الاضحیٰ کے موقعے پر اہلِ ایمان سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کرنے کے بعد علاقائی کھانوں سے دسترخوان کو سجاتے ہیں۔

بلوچستان کے خصوصی پکوان

بات ہو اگر رقبے کے اعتبار سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کی تو یہاں گوشت سے بننے والی بے پناہ اقسام کی اشیا تیار کی جاتی ہیں۔

صوبے کے لوگ زیادہ تر مٹن کھانا پسند کرتے ہیں اور جب عید کا موقع ہو تو یہ کیسے ممکن ہے کہ صوبے کے پشتون آبادی والے اضلاع میں نمکین روش نہ تیار ہو۔ اس کے علاوہ ان علاقوں میں کابلی پلاؤ، کڑاہی اور دنبے کی چکّی دسترخوان کی زینت ہوتی ہیں جبکہ نمکین چانپ کا باربی کیو بھی عیدِ قربان پر ان علاقوں میں لازمی تیار کیا جاتا ہے۔

مٹن کے علاوہ بیف سے بھی چند لذیز پکوان تیار ہوتے ہیں جن میں پلاؤ،  بار بی کیو اور سیخ کباب شامل ہیں۔

بات ہو اگر بلوچ آبادی والے اضلاع کی وہاں مٹن سے بلوچی سجی، کھڈی کباب، مٹن پلاؤ، اور بار بی کیو خصوصی طور پر دسترخوان کا حصہ ہوتے ہیں جبکہ بیف کا شوربہ تیار کرکے اس میں روٹی بھگوئی جاتی ہے اور اسے بڑے مزے سے تناول کیا جاتا ہے۔

خیبر پختونخوا کے خصوصی پکوان

بلوچستان میں اور خیبر پختونخوا کے پکوان لگ بھگ ایک جیسے ہوتے ہیں کیونکہ دونوں صوبوں میں بسنے والے افراد کی بڑی تعداد پشتون قبائل سے تعلق رکھتی ہے۔

خیبرپختونخوا میں مٹن سے بے پناہ کھانے تیار کیے جاتے ہیں جن میں روش، کڑاہی، بار بی کیو چانپ، دم پخت، شنواری تکّے اور مٹن پلاؤ تیار ہوتے ہیں جبکہ بیف سے سیخ کباب، کوفتے، چپلی کباب اور بیف پلاؤ خصوصی طور پر پکائے اور کھائے جاتے ہیں۔

پنجاب کے خصوصی پکوان

بات ہو اگر آبادی کے اعتبار سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی تو 5 دریاؤں کی دھرتی کے بارے میں مشہور ہے کہ وہاں کھال، ہڈیاں اور آنتیں چھوڑ کر ہر چیز کھائی جاتی ہے۔

اس دھرتی کے لوگ جیسے خوش مزاج ہیں ویسے ہی خوش خوراک بھی ہیں اسی لیے مٹن اور بیف یہاں ایک جیسا ہی مقبول ہے۔ پنجاب میں مٹن کو سبزی اور دالوں کے ساتھ ملا کر تیار کیا جاتا ہے اس کے علاوہ کڑاہی، روسٹ ران اور پلاؤ میں بھی مٹن شامل ہوتا ہے۔

بیف کے دیوانے بھی پنجاب میں کم نہیں یہاں بیف اسٹیم، بیف پلاؤ، بیف تکّہ، سیخ کباب، کوفتوں اور بیف کا قیمہ شملا مرچ کے ساتھ ملا کر کچھ ایسے تیار کیا جاتا ہے کہ کھانے والا انگلیاں چاٹتا رہ جائے۔

سندھ کے خصوصی پکوان

صوبے سندھ کی ثقافت جتنی رنگین ہے یہاں بسنے والے لوگ بھی اتنے ہی منفرد ہیں۔ اس علاقے میں مجموعی طور پر سندھی آباد ہیں جبکہ کراچی سمیت شہری علاقوں میں اردو بولنے والے بھی بستے ہیں۔

ہر علاقے کی طرح یہاں بھی مٹن اور بیف دونوں کھائے جاتے ہیں۔ مٹن سے کڑاہی، مٹن بریانی، مٹن تکّہ بوٹی اور پلاؤ جیسے پکوان عید پر دعوتوں کو رونق بخشتے ہیں جبکہ بیف سے بریانی، نہاری، سیخ کباب، بیف پلاؤ اور کوفتے خصوصی طور پر کھائے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp