بھارت کے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے پشاور میں مقیم رشتہ داروں نے عید قربان کے موقع پر ان کے لیے پشاوری چیل کا خصوصی تحفہ تیار کروایا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور کی نمک منڈی میں جہانگیر مہمند چپل والے نے پشاوری چپل کے 3 جوڑے تیار کیے ہیں، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ پشاوری چپل کے ان 3 جوڑوں کا آرڈر شارخ خان کے بھانجے نے دیا تھا۔
بھارت کے بالی ووڈ فلمی اسٹار شارخ خان کے بھانجے جن کا اپنا نام بھی شاہ رخ خان ہے، نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پشاوری چپل کی 3 جوڑیاں بنانے کا آرڈر دیا تھا، جو انہوں نے تیار کروا لی ہیں۔
پشاور کے جہانگیر چیل ہاؤس کے کاریگر جہانزیب خان نے وی نیوز کو بتایا کہ شاہ رخ خان کے پاؤں کا سائز پہلے سے ہی ان کے پاس موجود تھا اور وہ اس سے پہلے بھی شاہ رخ خان کے لیے پشاوری چیل تیار کر چکے ہیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چند سال قبل ان کے لیے ہرن کی کھال سے چیل تیار کیے تھے۔
جہانزیب خان نے مزید بتایا کہ پشاور کے قصہ خوانی بازار میں شاہ رخ خان کی کزن نورجہاں عرف مُنی ان کے آبائی گھر میں رہتی تھی، وہ کئی بار بھارت میں ان سے ملنے کے لیے بھی گئی ہیں، وہ عید کے علاوہ بھی جب بھارت جاتیں تو وہ شاہ رخ خان کے لیے خصوصی طور پر پشاوری چیل تیار کروا کر لے جاتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان ان پشاوری چپل کو بے حد پسند کرتے ہیں، حتیٰ کہ شاہ رخ خان نے ان کے تیار کردہ چیل پہن کر رئیس فلم میں بھی کام کیا تھا۔
شاہ رخ خان سے رابطہ ہے وہ پشاوری چیل پسند کرتے ہیں، بھانجا
بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے پاکستان میں بھانجے شاہ رخ خان نے بتایا کہ ان کی والدہ کا شاہ رخ خان اور ان کے خاندان سے رابطہ رہتا تھا لیکن ان کی وفات کے بعد رابطہ ختم ہو گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اب ان اور ان کی بہن کا شاہ رخ خان اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ رابطہ دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی بہن اگلے سال شاہ رخ خان سے ملنے دبئی جا رہے ہیں اور وہاں فلم فیئر کے دوران شاہ رخ خان سے ملاقات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے لیے شاہ رخ خان نے ہی انہیں دبئی بلایا ہے۔
شاہ رخ خان کے بھانجے نے مزید بتایا کہ اس بار عید کے لیے شاہ رخ خان کے لیے مختلف رنگوں اور ڈیزائن کے 3 جوڑے چپل تیار کروائے ہیں اس کے علاوہ جب دبئی ملاقات کے لیے جائیں گے تو ان کے لیے مزید چپل تیار کروائیں گے، مزید سنیئے اس ویڈیو رپورٹ میں۔۔۔۔