کوئٹہ: تھانہ ایس ایچ او، ڈرائیور کار چور نکلے

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور چوروں و لٹیروں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے لیکن گزشتہ روز شہر میں گاڑی کی چوری کا ایک واقعہ رونما ہوا جس میں چور کوئی اور نہیں بلکہ مبینہ طور پر ایک ایس ایچ او اور اس کا ڈرائیور نکلا۔

سول لائن پولیس کے مطابق اس نے پشین اسٹاپ پر قائم نجی پارکنگ سے عوامی شکایات پر چوری شدہ گاڑی برآمد کی اور اس دوران پارکنگ سیل کرتے ہوئے وہاں کے ملازم کو بھی حراست میں لے لیا۔

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ چوری کی گاڑی ایس ایچ او بجلی گھر تھانہ اور ان کا ڈرائیور گزشتہ شب لے کر آئے اور پارکنگ میں کھڑی کی۔ پارکنگ کے ملازم نے مزید بتایا کہ ایس ایچ او ملک آصف اور ان کا ڈرائیور محمد حسن ہمیشہ گاڑیاں یہاں پارک کرنے لے آتے تھے۔

ترجمان پولیس نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی آئی جی کوئٹہ نے ایس ایچ او بجلی گھر تھانہ اور ان کے ڈرائیور کو معطل کردیا ہے جبکہ دونوں کو گرفتار کرکے دفعہ 414 کے تحت چوری کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمے میں  پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد پارکنگ ملازم کو رہا اور پارکنگ کو شہریوں کے لیے کھول دیا۔ ایس ایچ او اور ڈرائیور سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

ملزم کا ٹریک ریکارڈ بھی کچھ شریفانہ نہیں

ترجمان پولیس نے مزید بتایا جناح ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن اور بروری تھانے میں بھی ذمہ داریاں انجام دے چکا ہے جبکہ ملزم کے والد کا تعلق بھی محکمہ پولیس سے تھا۔ ملزم کا ٹریک ریکارڈ پہلے بھی کچھ اچھا نہیں تھا اور ان کے خلاف کئی شکایات سامنے آچکی ہیں۔

دوسری جانب چوری شدہ گاڑی کے مالک کا مؤقف ہے کہ گاڑی چوری ہونے کے بعد تھانے میں رپورٹ درج کروائی لیکن اس کے باوجود پولیس کوئی خاص دلچسپی نہیں لے رہی تھی ایسے میں ہم نے گاڑی کو تلاش کرنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کی اور شہر بھر کی کار پارکنگز میں گاڑی ڈھونڈی اور اس دوران گزشتہ شب ان کے بیٹے کو پشین اسٹاپ کی ایک نجی پارکنگ میں گاڑی کھڑی دکھائی دے گئی جس پر انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp