سینیٹ کی 7 قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب جمعرات کو مکمل ہوگیا۔
مزید پڑھیں
سینیٹر رانا محمود الحسن ،سینیٹر پرویز رشید ،سینیٹر شہادت اعوان ، سینیٹرفاروق ایچ نائیک ، سینیٹرثمینہ ممتاز زہری ،سینیٹرفیصل سلیم رحمان ،سینیٹرفیصل واوڈا بالترتیب کابینہ سیکرٹریٹ ،مواصلات ،آبی وسائل ،قانون انصاف ، انسانی حقوق ، داخلہ اوربحری امور کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب ہوئے۔
قائمہ کمیٹی برائے کیبنیٹ سیکرٹریٹ کے چیئرمین کے لیے سینیٹر رانا محمود الحسن کا نام سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے تجویز کیا جبکہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اس کی تائید کی۔
اراکین کمیٹی نے سینیٹر رانا محمود الحسن کو قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ کمیٹی میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوامی اہمیت کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور معاونت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
قائمہ کمیٹی مواصلات کے چیئرمین کے لیے سینیٹر پرویز رشید کا نام جام سیف اللہ خان پیش کیا جبکہ دوست علی جیسار نے تائید کی۔ اراکین کمیٹی نے سینیٹر پرویز ارشید کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
سینیٹر پرویز رشید نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سینیئر سینیٹرز اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے تمام اراکین کمیٹی کو جمہوری سیاست کے درخشاں ستارے قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی تاریخ میں ان کا ایک مؤثر اور مثبت کردار ہے اور تمام اراکین کی رہنمائی سے استفادہ کیا جائے گا۔
سینیٹر شہادت اعوان آبی وسائل کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ ان کا نام سینیٹر قرةالعین مری نے تجویز کیا جبکہ سینیٹر پونجومل بھیل نے تائید کی۔
سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ آبی وسائل اہم مسئلہ ہے اور کمیٹی تمام اراکین کی مشاورت سے متعلقہ وزارت کی معاونت کرے گی اور اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔
سینیٹر فاروق ایچ نائیک کا نام بطور چیئرمین کمیٹی برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے پیش کیا جب کہ سینیٹر انوشہ رحمان نے ان کے نام کی تائید کی۔
چیئرمین کمیٹی برائے قانون انصاف فاروق ایچ نائیک نے تمام اراکین کمیٹی کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر مزید مؤثر قانون سازی عمل میں لائی جائے گی اور مل کر بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین کے لیے سینیٹر قرةالعین مری نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کا نام تجویز کیا ان کے نام کی تائید سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور نے کی۔
چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق ثمینہ ممتاز زہری نے اراکین کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اراکین کے باہمی تعاون سے انسانی حقوق سے متعلقہ معاملات میں بہتری لائیں گے اور مل کر ملک کی بہتری اور انسانی حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات کریں گے۔
سینیٹر فیصل سلیم رحمان سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین منتحب ہو گئے ان کانام سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے تجویز کیا جبکہ سینیٹر عمر فاروق اور شہادت اعوان نے ان کے نام کی تائید کی۔
چیئرمین کمیٹی برائے داخلہ نے اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر معاملات کی بہتری کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ معاملات چلائیں گے اور اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر درپیش مسائل کے حل کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
سینیٹر فیصل واوڈا ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کے چیئرمین منتحب ہو گئے۔ ان کا نام سینیٹر ندیم احمد بھٹو نے تجویز کیا جبکہ سینیٹر روبینہ قائم خانی نے تائید کی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے اراکین کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر بحری امور سے متعلقہ معاملات میں بہتری لائیں گے۔ اراکین کمیٹی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔