ڈی ایس پی کی سرکاری وین ڈکیتیوں میں مشغول، افسر بیٹے سمیت گرفتار

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں پولیس موبائل وین میں ڈکیتی کی واردات کی گئی جس کے دوران سادہ لباس میں ملبوس افراد ایک پان کے کیبن سے سگریٹ اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

سوشل میڈٰیا پر وائرل ہونے والی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں ایک پان کے کیبن پر پولیس موبائل آکر رکی، سادہ لباس میں ملبوس ایک شخص کیبن کے اندر اور  دوسرا باہر کھڑا رہا، ملزمان نے دکان سے نقد رقم اور سگریٹ ایک تھیلی میں ڈال لیے۔ ان میں سے ایک شخص کا چہرہ واضح تھا جبکہ دوسرے نے ماسک پہنا ہوا تھا۔

متاثرہ دکان دار شاہ زیب مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پولیس موبائل میں سادہ لباس میں ملبوس افراد میرے کیبن پر آئے، دکان سے 35ہزار روپے، 50 ہزار روپے کے سگریٹ اور دیگر چیزیں لوٹ کر لے گئے، یہی پولیس موبائل اور یہی افراد اسی مہینے کی 2 تاریخ کو بھی آئے تھے اور میری دکان سے 7 ہزار روپے سے زائد کی نقد رقم لوٹ کر لے گئے تھے۔ رپورٹ درج کرانے گیا لیکن گلشن اقبال پولیس نے رپورٹ درج نہیں کی۔

پولیس کے مطابق گلشن اقبال 13 ڈی میں پان شاپ میں لوٹ مار کی واردات  کا مقدمہ پان شاپ کے مالک کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ دوسری مرتبہ موبائل وین والے اسے اپنے ساتھ بٹھا کر لے گئے تھے اور کچھ دور جاکر جیب سے بھی 10 ہزار روپے نکال لیے اور موبائل سے اتاردیا۔ پولیس موبائل کی پچھلی نمبر پلیٹ غائب تھی۔

ایس ایس پی اے وی ایل سی کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد  ڈی ایس پی لیگل ظفر جاوید اوراس کے بیٹے سمیت 3 افراد کوحراست میں لیا گیا ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والی موبائل ڈی ایس پی کے زیر استعمال تھی، ویڈیو میں نظرآنےوالےافرادکی شناخت کی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp