کویت میں جان لیوا آتشزدگی، غفلت کے ذریعے قتل کے شبہ میں 3 افراد گرفتار

جمعہ 14 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کویتی حکام نے ایک رہائشی عمارت میں اس جان لیوا آتشزدگی کی تحقیقات کے دوران 3 افراد کو ہلاکتوں کے الزام میں حراست میں لیا ہے، آتشزدگی کے اس حادثہ میں بیشتر بھارتی شہریوں سمیت 50 غیر ملکی ہلاک ہوگئے تھے۔

کویت کی پبلک پروسیکیوشن سروس نے بتایا کہ ایک کویتی اور 2 غیر ملکی باشندوں کو حفاظتی طریقہ کار اور آگ سے متعلق ضوابط نظر انداز کرنے کی وجہ سے ’غفلت کے ذریعے قتل‘ کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے۔

آگ کیسے لگی؟

کویت اور بیرون ملک اس المیے میں ہلاک ہونے والوں کے رشتہ دار اور دوست سوگ میں ڈوبے ہوئے ہیں، کویت کے فائر ڈیپارٹمنٹ نے معائنے کے بعد بتایا کہ آگ گراؤنڈ فلور پر گارڈ کے کمرے میں بجلی کی خرابی سے لگی۔

تیل کی دولت سے مالا مال کویت کی 40 لاکھ سے زائد آبادی غیر ملکیوں پر مشتمل ہے، جن میں سے اکثر کا تعلق جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا سے ہے جو زیادہ تر تعمیرات اور خدمات کی صنعتوں سے وابستہ ہیں۔

آگ بدھ کی صبح منگاف کے علاقے میں واقع ایک 6 منزلہ رہائشی عمارت میں لگی تھی، جہاں تقریباً 200 کے لگ بھگ مزدور رہائش پذیر تھے، مکینوں کی اکثریت غیر ملکی تھی، جن میں بھارتی شہری نمایاں تھے۔

کویتی حکام کا ردِعمل

گزشتہ بدھ کو 49 افراد کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے کویتی وزیر خارجہ عبداللہ الیحییٰ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرنے والوں کی اکثریت بھارتیوں کی ہے، فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق، آگ کے باعث عمارت میں پھنس جانے کے بعد بہت سے لوگ دھوئیں میں دم گھٹ جانے کی وجہ سے ہلاک اور زخمی ہوئے۔

کویتی وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف نے عمارتوں میں کارکنوں کی گنجائش سے زیادہ رہائش کے مسئلےسے نمٹنے کا عزم کیا اور دھمکی دی کہ حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو بند کر دیا جائے گا۔

لاکھوں ایشیائی باشندے اپنے خاندانوں کو ترسیلاتِ زر بھیجنے کے لیے اس امیر خلیجی ملک میں ملازمت اختیار کرتے ہیں، اس سانحہ پر ہلاک شدگان کے لواحقین اور دوستوں سمیت سب اداس ہیں۔

سوگ اور اداسی کا ماحول

بھارتی ریاست کیرالہ کے کولم ضلع سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ شمیر عمر الدین کے رشتہ دار سیف کے مطابق ان کا پورا گاؤں سوگ میں ہے۔

’وہ ایک پیارا انسان اور ہر ایک کا دوست تھا، وہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتا تھا، اس لیے اس کا کویت جانا اس کے خاندان کے لیے معاشی حالات بہتر کرنے کا ایک موقع تھا، جو خواب ہوکر رہ گیا ہے۔‘

ریجی ورگیس نے بتایا کہ ان کے قریبی دوست لوکوز چھٹی منزل پر رہائش پذیر تھے، جن کی ہلاکت کی اطلاع ایک اور کارکن نے دی، جس نے آگ سے بچنے کے لیے دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی تھی، جس میں ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے۔

’میں ابھی تک اس پر یقین کرنے کے قابل نہیں ہوں۔ ہمیں اس خبر پر یقین ہی نہیں آیا، میں نے پچھلے ہفتے ہی ان سے بات کی تھی…یہ خبر ایک بڑا صدمہ ہے۔‘

یہ آگ کویت میں لگنے والی بدترین آگ تھی، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس خوفناک سانحے کے متاثرین کے لیے مدد کا وعدہ کرتے ہوئے لواحقین کو 2 لاکھ روپے امداد فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp