حج 2024: پانی کی فراہمی کے لیے جدید تکنیکی اصلاحات کا نفاذ

جمعہ 14 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی واٹر اتھارٹی نے حج 1445 ہجری کے دوران پانی کی فراہمی کو مؤثر بنانے کے لیے جدید تکنیکی اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد حجاج کرام کے لیے پانی کی بلاتعطل دستیابی اور معیار کو یقینی بنانا ہے۔

مصنوعی ذہانت کے استعمال سے پانی کی پیداوار، نقل و حمل اور تقسیم کے نظام کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جو اعلیٰ معیاری پانی کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس میں اسٹیک ہولڈرز کو بروقت فیصلے لینے کے لیے ڈیٹا کا تجزیہ بھی شامل ہے۔

ریورس اوسموسس ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی کے تحلیلی عمل کو بہتر بناکر پانی کے معیار کو برقرار رکھا جاتا ہے، جو توانائی کی بچت اور پانی کی بہتر فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ پانی کے نظام کی مجازی نقل تیار کرنے کے لیے ڈیجیٹل جڑواں نظام استعمال کیا جارہا ہے تاکہ فیصلہ سازی میں مدد ملے اور ضروری ترمیمات بروقت نافذ کی جاسکیں۔

تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے پانی کے نظام کے پرزوں کی تیزی اور کم لاگت کے ساتھ تیاری کی جاتی ہے۔ ڈرونز کا استعمال پانی کے نظام کی نگرانی کے لیے کیا جاتا ہے، جو ہوائی نگرانی اور ضروری معائنہ کاری کو آسان بناتا ہے۔ دور دراز سے کنٹرول کیے جانے والے روبوٹس کے ذریعے بغیر کسی انسانی مداخلت کے پانی کے ذخائر کی صفائی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

سعودی واٹر اتھارٹی کے یہ اقدامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج کے دوران پانی کی فراہمی کے نظام کو مؤثر اور محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سعودی حکومت کی جانب سے یہ تکنیکی اصلاحات حجاج کرام کی سہولت اور ان کے مقدس سفر کو آسان اور خوشگوار بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp