عمران خان کیخلاف سنگین نوعیت کے مقدمات کا معاملہ، درخواست سماعت کے لیے مقرر

ہفتہ 15 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی سنگین نوعیت کے مقدمات درج کرنے کے پنجاب کابینہ کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر۔

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کابینہ کیجانب سے بانی پی ٹی آئی کی سنگین نوعیت کے مقدمات درج کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 20 جون کو بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا، درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں بانی پی ٹی آئی نے مقدمات درج کرنے کے کابینہ کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

پرویز الٰہی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی اینٹی کرپشن کے مقدمے میں ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال 20 جون کو پراسکیوشن کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ پراسکیوشن نے پرویز الٰہی کی ضمانت منظوری کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ پراسکیوشن کا مؤقف ہے کہ اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت نے حقائق منافی پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کی، لہذا لاہور ہائیکورٹ اینٹی کرپشن عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور عدالت پرویَز الہی کی ضمانت منسوخ کرنے کا حکم دے۔

شاہ محمود قریشی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو شاہ محمود قریشی پر لاہور میں درج مقدمات میں چالان جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے شاہ محمود قریشی کے ریمانڈ سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کیا۔ تحریری حکم کے مطابق تفتیشی افسر نے شاہ محمود قریشی کا 30 دن کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگاتفتیشی افسر نے شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی کوئی پیش رفت رپورٹ عدالت پیش نہیں کی، عدالت شاہ محمود قریشی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتی ہے۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا موبائل فون ریکور کرنا ہے، جبکہ شاہ محمود قریشی کے وکیل نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت موبائل فون پولیس نے پکڑ لیا تھا۔شاہ محمود قریشی 19 روز جسمانی ریمانڈ پر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp